سب سے آسان ترجمۂ قرآنِ مجید (حافظی — Roman)
قرآنِ مجید اللہ کا کلام ہے،تمام انسانوں کی ہدایت کے لیے نازل کیا گیا ہے ؛ اسی لیے اس کے اندر مکمل ضابطۂ حیات موجود ہے اور ضابطۂ حیات کو سمجھنا ضروری ہوتا ہے ؛ اسی لیے مختلف زبانوں میں اس کا ترجمہ ہو چکا ہے،جس میں سے اردو بھی ہے، ؛ مگر پریشانی یہ تھی کہ آج کل ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو اردو روانی سے بولتی ہے ؛ مگر اردو رسم الخط پڑھنے سے قاصر ہے اور ان کی ہندی میں بھی روانی نہیں ہے ؛ کیونکہ ان کی تعلیم انگریزی میڈیم والے اداروں میں ہوئی ہے ؛ مزید یہ کہ نئی جنریشن موبائل فون، سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر زیادہ تر یہی استعمال کرتی ہے،میسیج کرنے میں بھی اسی کے عادی ہیں، یہ طبقہ دینی ذوق رکھنے کے باوجود قرآن کے تراجم سے فائدہ نہیں اٹھا پاتا؛ لہذا قرآن کریم کے ایسے ترجمے کی ضرورت محسوس ہوئی جو Roman English کے ذریعے نئی جنریشن تک پہنچ سکے۔
اسی ضرورت کے پیش نظر “سب سے آسان ترجمۂ قرآنِ مجید (حافظی — رومن)” کی تیاری عمل میں آئی،اس خدمت کو انجام دینے والے حضرت ڈاکٹر مفتی اشتیاق احمد قاسمی صاحب ہیں، جن کا شمار دارالعلوم دیوبند کے ممتاز اساتذہ میں ہوتا ہے،نیز طویل عرصہ تک ترجمہ و تفسیر بھی پڑھا چکے ہیں،آپ کے پاس تدریسی تجربہ ہے تو عربی زبان پر عبور بھی اور پھر منہج اکابر سے وابستگی نے کیا ہی اعتدال عطا کیا ہے۔
اس ترجمے کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی سادگی اور عام فہم اسلوب ہے، مفتی صاحب نے اکابر علماء کے متعدد معتبر تراجم کو سامنے رکھ کر ایسے مانوس الفاظ کا چناؤ کیا ہے،جو پڑھنے والے کے ذہن میں فوراً مفہوم واضح کر دیتا ہے،اس میں غیر مستعمل پرانے الفاظ سے بچنے کی کوشش کی گئی ہے،اردو زبان کی روح اور معنوی لطافت کو پوری طرح برقرار رکھا گیا ہے،گویا قاری کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے قرآن کریم براہِ راست اسے پیغام دے رہا ہو۔
یہ نسخہ حافظی پندرہ سطری قرآن کے مطابق مرتب کیا گیا ہے، جس سے حفاظِ کرام کو خاص سہولت ہوتی ہے، حافظ قرآن بآسانی عربی عبارت کے ساتھ ترجمہ پر نظر رکھ سکتے ہیں، یادداشت کو مضبوط بنا سکتے ہیں اور دورانِ حفظ مفہوم سے بھی وابستہ رہ سکتے ہیں،یہ انداز خاص طور پر ان حفاظ کے لیے ایک نعمت ہے جو عالمیت کی باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کر پاتے ؛ مگر قرآن کے معانی سمجھنے کا شوق رکھتے ہیں۔
مبصر : آیت اللہ اعجازی





