Web Analytics Made Easy - StatCounter
Manba ul Fazail Fi Sharh ul Shamail

منبع الفضائل فی شرح الشمائل

منبع الفضائل فی شرح الشمائل

سیرت وشمائل نبویﷺ کا درخشاں آئینہ

الحمد للہ وحدہ والصلاۃ والسلام علی من لا نبی بعدہ وعلی آلہ وأصحابہ ومن تبعہم بإحسان إلی یوم الدین۔

نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس تمام کائنات کے لئے سراپا رحمت‘ اخلاق وشمائل کا کامل نمونہ اور انسانیت کی رہنمائی کا مرکز ہے آپ گ کی سیرت وشمائل پر امت کے اکابر علماء نے جو علمی وتحقیقی خدمات انجام دی ہیں‘ ان کا احاطہ نہیں کیا جاسکتا انہیں نفوس قدسیہ میں امام المحدثین حضرت امام ابوعیسیٰ محمد بن عیسیٰ ترمذی رحمۃ اللہ علیہ کا نام بھی شامل ہے جن کی عظیم الشان تصنیف ’’الشمائل المحمدیہ‘‘ اہل علم وفضل کے مابین غیر معمولی شہرت رکھتی ہے۔

یہ کتاب محض احادیث کا مجموعہ نہیں بلکہ اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اخلاق‘ اطوار‘ عادات‘ لباس‘ خوراک‘ تبسم‘ گفتگو‘ عبادات اور معاملات‘ الغرض حیاتِ طیبہ کے ہر گوشے کو اجاگر کیا ہے ہر حدیث گویا محبت مصطفیٰ کے جام سے لبریز ہے اور ہر باب قاری کے قلب پر نورانی اثر چھوڑتا ہے اسی مشہور کتاب ’’الشمائل المحمدیہ‘‘ کو امام اہل سنت حضرت مولانا عبدالشکور فاروقی لکھنوی رحمۃ اللہ علیہ نے اردو قالب میں ڈھالا حضرت نے نہایت عرق ریزی سے اس کا ترجمہ فرمایا‘ اور اس بحر بے کراں سے جواہر چنے ان کے قلم نے علمی متانت‘ دینی حمیت اور عاشقانہ ادب کا ایسا حسین امتزاج پیش کیا جو اہل علم کے لئے سرمایہ فخر ہے۔

ان کے ترجمہ کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے اصل عبارت کی روح کو مجروح کئے بغیر اردو زبان میں ایسا سلیس ترجمہ کیا کہ قاری محسوس کرتا ہے جیسے وہ براہِ راست عربی متن کے مفہوم کو سمجھ رہا ہو ان کا انداز نہایت اثر انگیز‘ دینی ادب سے لبریز اور محبت رسول ﷺ سے معمور ہے ’’منبع الفضائل فی شرح الشمائل‘‘ جو اس وقت مرے پیش نظر ہے امام اہل سنتؒ کے اس علمی سرمایہ کو مزید نافع ومفید بناکر امت کے سامنے پیش کرنے کا ایک عظیم کارنامہ ہے جس کو ہمارے محسن ومربی زبان وقلم کے شہسوار حضرت مولانا محمد یامین صاحب قاسمی دامت برکاتہم مبلغ دارالعلوم دیوبند نے انجام دیا۔

مولانا موصوف نے جہاں امام اہلِ سنتؒ کے ترجمہ کو اصل حالت میں بر قرار رکھا وہیں تحقیق کے میدان میں اپنی علمی گہرائی اور زبان وبیان کی صلاحیت کا بھی مظاہر کیا‘ انہوں نے لغوی پہلوؤں پر خاص توجہ دیتے ہوئے ’’المعجم الوسیط‘‘ اور ’’لسان العرب‘‘ جیسے مستند مراجع سے استفادہ کیا‘ یہی نہیں بلکہ احادیثِ مبارکہ کی تشریح کے لئے انہوں نے ’’جمع الوسائل فی شرح الشمائل‘‘ (از ملاعلی قاری الحنفی) اور ’’شرح الشمائل‘‘ (از عبدالرؤوف المناوی الشافعی) جیسی معتبر شروح کو سامنے رکھا‘ ان مآخذ سے اُن کی علمی جستجو اورفکری وعلمی مزاج کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے‘ ان کی شرح میں اختصار کے ساتھ جامعیت بھی ہے اور وضاحت بھی‘ انہوں نے تشریح کو غیر ضروری طوالت سے پاک رکھا‘ تاکہ قاری اصل مقصود یعنی رسولِ اکرم ﷺ کی صفات وخصائص سے قریب تر رہے‘ ناکہ محض الفاظ کی پیچیدگی میں الجھ جائے۔

راقم الحروف کا تعلق حضرت مولانا محمد یامین صاحب قاسمی دامت برکاتہم سے قلبی وعلمی سطح پر جُڑا ہوا ہے ‘ میں نہ صرف ان کی قابلیت‘ علمی بصیرت اور تحقیقی مہارت کا معترف ہوں بلکہ اُن کی خوش اخلاقی‘ منکسر مزاجی اور اخلاص نے ہمیشہ دل میں احترام پیدا کیا ہے اس سے قبل بھی احقر کو ان کی تالیفات سے فیض حاصل کرنے کا موقع ملا‘ خصوصاً اُن کی نہایت مفید اور مدلل تصنیف ’’محرم الحرام اور تعزیہ داری‘‘ سے میں نے خوب علمی استفادہ کیا ہے۔

حضرت مولانا محمد یامین صاحب ایک ہی وقت میں مقرر بھی ہیں اور قلم کار بھی ان کی تحریروں میں علم کی گہرائی‘ فکر کی روشنی اور عشق نبوی ﷺ کی حرارت یکجا نظر آتی ہے وہ نہ صرف باصلاحیت اور با عمل شخصیت ہیں بلکہ علم وتحقیق کے میدان میں ایک روشن چراغ کی حیثیت رکھتے ہیں۔

ان کی کتاب ’’منبع الفضائل فی شرح الشمائل‘‘ اپنی نوعیت کے اعتبار سے ایک نایاب علمی تحفہ ہے اس میں نہ صرف امام ترمذیؒ کی پیش کردہ احادیث کا حسن جَلوہ گر ہے بلکہ امام اہل سنتؒ کے اردو ترجمے کی روانی اور حضرت مولانا محمد یامین قاسمی صاحب کی محدثانہ تشریح بھی‘ یہ کتاب دلوں کو حضورِ اقدس ﷺ کی محبت سے منور کرتی ہے‘ علم میں اضافہ اور فہم حدیث میں وسعت پیدا کرتی ہے‘ ہر وہ شخص جو شمائل نبوی ﷺ کا عاشقانہ مطالعہ چاہتاہے‘ اس اس کتاب کو اپنی علمی زندگی کا حصہ بنانا چاہئے۔

دعا گوہوں کہ اللہ تعالیٰ ’’منبع الفضائل فی شرح الشمائل‘‘ کو مقبول خاص وعام بنائے‘ (آمین)

والسلام

خیر اندیش: محمد حبیب اللہ قاسمی

خادم الحدیث الشریف جامعہ اسلامیہ کاشف العلوم چھٹمل پور سہارنپور

Home Cart Wishlist Login