تعارفِ کتاب: تہافت الملاحدہ
از قلم: عبد السبحان بوڑیوی
عصرِ حاضر میں الحاد، تشکیک اور فکری بے راہ روی نے جس شدت کے ساتھ نوجوان نسل کے اذہان کو متاثر کیا ہے، اس کے پیشِ نظر ایسے علمی سرمایہ کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی تھی جو جدید ملحدانہ افکار کا علمی، عقلی اور تحقیقی جائزہ لے کر ان کا مؤثر جواب پیش کرے۔ مشفقم حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی یاسر ندیم الواجدی حفظہ اللہ ورعاہ کی مایۂ ناز تصنیف “تہافت الملاحدہ” اسی ضرورت کا ایک شاندار جواب اور ایک عظیم علمی کارنامہ ہے۔
یہ کتاب دراصل ایک جامع علمی کورس کا ثمرہ ہے جسے مصنفِ محترم نے مسلسل تین برس تک الحاد، تشکیک اور معاصر فکری چیلنجز کے موضوع پر تدریس فرمایا۔ اس دوران ہونے والی تحقیقات، علمی مباحث، سوالات و جوابات اور فکری مناقشات کو نہایت محنت، باریک بینی اور علمی دیانت کے ساتھ مرتب کرکے کتابی شکل دی گئی۔ یوں ایک تدریسی سلسلہ ایک مستقل علمی شاہکار کی صورت میں اہلِ علم کے سامنے آیا۔
“تہافت الملاحدہ” اپنے موضوع پر ایک وقیع اور جامع تصنیف ہے جس میں جدید الحادی نظریات، دہری افکار، مذہب بیزاری کے اسباب، وجودِ باری تعالیٰ، نبوت، وحی، آخرت اور اخلاقیات سے متعلق پیدا کیے جانے والے شبہات کا مدلل اور محققانہ جائزہ لیا گیا ہے۔ مصنف نے قدیم اسلامی علمی ذخیرے اور جدید فکری مباحث دونوں سے استفادہ کرتے ہوئے نہایت متوازن اور مؤثر انداز میں اعتراضات کا جواب دیا ہے۔
کتاب کی اشاعت کے بعد علمی حلقوں میں اسے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی اور مختصر مدت میں یہ الحاد کے موضوع پر اردو زبان کی نمایاں اور مقبول تصانیف میں شمار ہونے لگی۔ آج مدارس، جامعات، علمی مراکز اور نوجوانوں کے مطالعاتی حلقوں میں اس سے استفادہ کیا جا رہا ہے اور اسے معاصر فکری چیلنجز کے مقابلے میں ایک مضبوط علمی دستاویز سمجھا جاتا ہے۔
اس کتاب کی رسمِ اجرا دیوبند کے معروف مقام فردوس گارڈن میں نہایت شایانِ شان انداز میں منعقد ہوئی، جس میں ملک و بیرونِ ملک سے تشریف لائے ہوئے اکابر علماء، محققین، دانشوروں اور اہلِ قلم نے شرکت فرمائی۔ یہ تقریب اپنے علمی وقار، حسنِ انتظام اور اہلِ علم کی کثیر شرکت کے اعتبار سے دیوبند کی یادگار تقریبات میں شمار کی گئی۔
مصنفِ کتاب حضرت مولانا ڈاکٹر مفتی یاسر ندیم الواجدی حفظہ اللہ ایک ممتاز عالم، محقق، خطیب اور مصنف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو غیر معمولی علمی بصیرت، تحقیقی ذوق اور عوام و خواص میں وسیع مقبولیت عطا فرمائی ہے۔ آپ ایک جلیل القدر علمی خانوادے کے چشم و چراغ، سلطان القلم حضرت مولانا ندیم الواجدی رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند ارجمند ،دارالعلوم دیوبند کے ممتاز فاضل اور امریکہ میں قائم برہان اکیڈمی کے بانی و ڈائریکٹر ہیں۔ آپ کی علمی خدمات بالخصوص الحاد و ارتداد ،جدید فکری چیلنجز اور دعوتِ اسلام کے میدان میں نہایت نمایاں ہیں۔
علم و تحقیق کے ساتھ ساتھ آپ کو تصوف و سلوک سے بھی گہرا تعلق حاصل ہے۔ آپ شیخِ طریقت، مرشد الامت حضرت جی مولانا قاری شاہ عبدالستار بوڑیوی دامت برکاتہم العالیہ کے خلیفہ ومجاز ہیں اور شریعت و طریقت کے حسین امتزاج کے ساتھ دینی، علمی اور روحانی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
بلاشبہ “تہافت الملاحدہ” عصرِ حاضر کے فکری معرکے میں اسلام کی علمی ترجمانی، ایمان کے دفاع اور نئی نسل کی فکری رہنمائی کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جو اہلِ علم، طلبہ اور حق کے متلاشیوں کے لیے مدتوں سرمایۂ علم و بصیرت بنا رہے گا ان شاءاللہ تعالیٰ

