Web Analytics Made Easy - StatCounter
Al Arf ul Mubtakir Fi Tauzih Nuzhat ul Nazar Lil Hafiz Ibn Hajar

العرف المبتکر فی توضیح نزھۃ النظر

علم حدیث وہ مبارک فن ہے جس کی حفاظت کے لیے اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں ایسے رجال کار پیدا فرمائے جنہوں نے اپنی زندگیاں سنتِ نبوی ﷺ کی خدمت اور اشاعت کے لیے وقف کر دیں۔ عصر حاضر میں جن اکابر اہلِ علم کو اس سعادتِ عظمیٰ سے وافر حصہ نصیب ہوا ہے، ان میں حضرت مولانا مفتی عبد اللہ معروفی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کا اسم گرامی نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔

زیرِ نظر کتاب “العرف المبتكر في توضيح نزهة النظر” عصرِ حاضر کے ممتاز محدث، محقق، فقیہ اور صاحبِ قلم عالمِ دین حضرت مولانا مفتی عبد اللہ معروفی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی گراں قدر علمی کاوش ہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو علومِ حدیث کی خدمت کے لیے خصوصی طور پر قبول فرمایا ہے، اور آپ کی علمی زندگی حدیثِ نبوی ﷺ کی تدریس، تحقیق، شرح اور اشاعت سے عبارت ہے۔

حضرت مولانا مفتی عبد اللہ معروفی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کا شمار برصغیر کے اُن اکابر اہلِ علم میں ہوتا ہے جنہوں نے علومِ حدیث کے میدان میں نمایاں اور قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ آپ کی عظیم علمی یادگار “العرف الذكي شرح جامع الترمذي” ہے، جو عربی زبان میں بیس جلدوں پر مشتمل ایک شاہکار شرح ہے۔ یہ شرح علمی حلقوں میں غیر معمولی پذیرائی حاصل کر چکی ہے اور اپنے تحقیقی اسلوب، جامع مباحث، دقیق علمی نکات اور منفرد اندازِ نگارش کے باعث اپنی نوعیت کی ایک امتیازی تصنیف سمجھی جاتی ہے۔ اہلِ علم کے نزدیک یہ شرح جامع ترمذی کی شروحات میں ایک گراں قدر اضافہ اور علومِ حدیث کے ذخیرے میں ایک بیش بہا علمی سرمایہ ہے۔

اسی علمی سلسلے کی ایک اہم کڑی “العرف المبتكر في توضيح نزهة النظر” ہے، جس میں مصنفِ محترم نے حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ کی شہرۂ آفاق کتاب “نزهة النظر” کی شرح نہایت محققانہ اور مدلل انداز میں پیش فرمائی ہے۔ اس شرح میں صرف عبارت کی توضیح ہی نہیں بلکہ علمِ مصطلح الحدیث کے دقیق مسائل، ائمۂ فن کے اختلافات، اصولی مباحث اور تحقیقی نکات کو بھی نہایت عمدگی کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔

مصنفِ محترم جہاں ایک بلند پایہ محدث اور محقق ہیں، وہیں ایک عظیم روحانی شخصیت بھی ہیں۔ آپ کو شیخ الحدیث و شیخ الطریقت حضرت مولانا پیر محمد طلحہ کاندھلوی رحمہ اللہ کی اجازت و خلافت حاصل ہے، نیز آپ ہمارے مرشد و مربی، شیخ المشائخ، مرشد الامت حضرت جی مولانا قاری شاہ عبدالستار صاحب بوڑیوی دامت برکاتہم العالیہ کے ممتاز خلفاء میں شمار ہوتے ہیں۔ اس طرح آپ کی ذات میں علم و عمل، تحقیق و تصوف، تدریس و تربیت اور ظاہر و باطن کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے۔

امید ہے کہ یہ کتاب طلبۂ علومِ حدیث، اساتذۂ کرام، محققین اور اہلِ علم کے لیے نہ صرف “نزهة النظر” کے فہم میں معاون ثابت ہوگی بلکہ علمِ حدیث کے دقیق مباحث میں بھی ایک مستند رہنما کا کردار ادا کرے گی۔

تحریر : مولوی عبد السبحان بوڑیوی نبیرہ مرشد الامت حضرت جی مولانا قاری شاہ عبدالستار بوڑیوی دامت برکاتہم

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Home Cart Wishlist Login