₹2,400.00Original price was: ₹2,400.00.₹1,800.00Current price is: ₹1,800.00.
6000 سے زیادہ خواتینِ اسلام کی حیات اور کارناموں کے تذکرے پر مشتمل یہ موسوعی کارنامہ (قاموس الخواتین) مولانا محمد افروز قادری چریاکوٹی نے انجام دیا ہے۔
تصنیف وتالیف کی دنیا بھی عجیب ہے، اگر دنیا کی حیرت انگیزیوں کی باتیں ہوتی ہیں تو قلم وقرطاس کی حیرت زائیوں کی بھی کمی نہیں اور اس کی تازہ مثال یہ کتاب’’قاموس الخواتین‘‘ہے۔ اگرچہ یہ تیسرا حصہ ہے، پہلے دو حصے ہماری نظر سے نہیں گزرے؛ لیکن زیر نظر حصے میں ان کی فہرست کی شمولیت نے زیادہ افسوس نہ ہونے دیا۔ اس تیسرے حصے میں حرفِ فا سے یا تک شروع ہونے والیوں کا نام اور کام دیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں ترتیب زمانی کے لحاظ سے قبل مسیح کی خواتین اسلام کا ذکر، حروف تہجی کے اعتبار سے حضرت آسیہ زوجہ فرعون سے یہ سلسلہ شروع ہوا، پھر پہلی صدی ہجری سے اب تک کی ان مسلمان خواتین کا شمار ہے جو کسی بھی خصوصی قطار میں نظر آتی ہیں۔ حضرت حوا سے ثانیہ مرزا تک یہ فہرست معلومات کی فراوانی کو عالم حیرانی تک پہنچانے میں جس طرح کامیاب ہے اس کا اندازہ کیا جاسکتاہے۔ افسوس ہے کہ اس حصے میں کوئی مقدمہ یا پیش لفظ نہیں ہے، جس سے فاضل مصنف کی غرض وغایت اور اس کتاب کی تیاری میں پیش آنے والی مشکلات کا بیان سامنے آجاتا، پہلے حصے کے مقدمے ہی کو حذف وترمیم سے پیش کردیا جاتا تو بھی کسی نئے پڑھنے والے کو کئی سوالوں کے جواب پانے میں آسانی ہوتی، مثلاً فرہنگ میں اردو کی محقق خواتین کے اجمالی گوشوارہ کی یہاں کیا ضرورت تھی، اگرچہ یہ بذاتِ خود بہت کار آمد ہے۔ مرتب کے متعلق اس حصے میں کوئی تحریر نہیں، بس فہرست کے ضمن میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ کیپ ٹاون جنوبی افریقہ کی ایک یونیورسٹی سے وابستہ ہیں۔
چریاکوٹی کی نسبت البتہ ان کے علمی ذوق اور تحقیقی شوق اور ژرف نگاہی کی صلاحیت کی توثیق کے لیے کافی ہے۔ چریاکوٹ کی بستی اعظم گڑھ اور مئو کے نواح میں کبھی ہندوستان کے یونان کی حیثیت سے جانی جاتی تھی۔ مولانا فاروق اور پھر مولانا شبلی کی نسبتوں نے اس یونان کو آسمان بنادیا۔ اس کتاب کے لائق مرتب کی اس قابل قدر کوشش نے پھر سے یہ حقیقت ظاہر کردی کہ ’’یہ مٹی بہت زرخیز ہے‘‘۔