Web Analytics Made Easy - StatCounter
Maqasid ul Falasifa Urdu

مقاصد الفلاسفہ

امام غزالی کی کتاب مقاصد الفلاسفۃ

محمد رضی الاسلام ندوی

برادر عزیز جناب اویس احمد حقانی نے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ، تشریف لائے اور اپنے اشاعتی ادارہ کی تازہ مطبوعہ کتاب ‘مقاصد الفلاسفۃ’ پیش کی – موصوف الحرمین پبلی کیشنز کے نام سے سری نگر (کشمیر) میں ایک اشاعتی ادارہ چلاتے ہیں – اہم علمی موضوعات پر کتابیں چھاپتے ہیں – کچھ دنوں قبل انھوں نے ڈاکٹر ضیاء الرحمن اعظمی کی الجامع الکامل فی الحدیث النبوي الشامل چھاپی تھی – کچھ دنوں قبل ڈاکٹر اسرار احمد کی تفسیر بیان القرآن ایک جلد میں طبع کی تھی –

مقاصد الفلاسفۃ امام غزالی (450 – 505ھ)کی مشہور تصنیف ہے – امام غزالیؒ کا شمار اسلامی تاریخ کی عظیم علمی و فکری شخصیات میں ہوتا ہے ۔ انھیں حجۃ الاسلام کے خطاب سے نوازا گیا ۔ انھوں نے اپنے عہد کے نام وَر عالم امام الحرمین جوینیؒ سے فقہ ، اصولِ فقہ اور علمِ کلام کی تحصیل کی ۔ قلیل مدت میں غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور مناظروں و فکری مباحث میں ممتاز مقام حاصل کر لیا ۔ مدرسۂ نظامیہ بغداد میں مدرس مقرر ہوئے ۔ یہاں باطنیہ ، اسماعیلیہ اور دیگر فرقوں کے رد میں متعدد کتابیں تصنیف کیں ، جن میں احیاء علوم الدین ، تہافۃ الفلاسفۃ ، کیمیائے سعادت ، مکاشفۃ القلوب اور المنقذ من الضلال اہم ہیں ۔

مقاصد الفلاسفہ امام غزالی کی ایسی تصنیف ہے جو ان کی مشہور کتاب ‘تہافت الفلاسفہ’ کے مقدمہ کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اس کتاب میں امام صاحب فلسفہ کے مقاصد بیان کرتے ہیں اور اس کی اصطلاحات اور مباحث کا ذکر کرتے ہیں ، لیکن اس میں نقد یا تجزیہ نہیں کیا گیا ہے ۔ بعد میں وہ انہی افکار پر اپنی کتاب تہافت الفلاسفہ میں نقد کرتے ہیں ۔

اس کتاب کا اردو ترجمہ مولانا محمد حنیف ندوی (1908- 1987ء ) نے کیا ہے – ان کا تعلق گوجرانوالہ (پاکستان) سے تھا – وہ عالمِ اسلام کے نام وَر عالمِ دین ، محقق ، مفسرِ قرآن ، فلسفی اور مترجم تھے ۔ ان کی تفسیر سراج البیان شہرت رکھتی ہے – پاکستان کے مشہور علمی ادارے ‘ادارہ ثقافت اسلامیہ’ سے وابستہ رہے – ان کی بہت سی طبع زاد کتابیں ہیں اور تراجم بھی – ان کی کتابوں میں افکارِ ابنِ خلدون ، عقلیاتِ ابن تیمیہ ، اساسیات اسلام ، تعلیمات غزالی ، سرگزشتِ غزالی ، افکارِ غزالی ، مسئلہ اجتہاد وغیرہ خصوصیت سے قابل ذکر ہیں –

Home Cart Wishlist Login