Web Analytics Made Easy - StatCounter
تفہیم الفرقان

تفہیم الفرقان

قرآن کریم ہی وہ واحد محفوظ الہامی کتاب ہے جو تا قیامت انسانیت کی ہدایت و رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔ اس پر عمل پیرا ہو کے دنیا میں سر بلندی اور آخرت میں نجات کا حصول ممکن ہے ۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کے معانی و مطالب کو سمجھا جائے ، اس کے درس و تدریس کا اہتمام کیا جائے اور اس کی تعلیم وتعلم کے مراکز قائم کئے جائیں۔

قرآن فہمی کے لئے ترجمہ قرآن اساس کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی باعث ہے کہ تقریبا ہر زمانے کے علمائے عظام نے اس کی طرف بھر پور توجہ دی۔ اس کا نتیجہ ہے کہ آج دنیا کی کم و بیش 103 زبانوں میں قرآن کریم کے مکمل تراجم شائع ہو چکے ہیں۔ جن میں سے ایک اہم زبان اردو بھی ہے۔ اردو زبان میں اولین ترجمہ کرنے والے شاہ ولی اللہ اللہ کے دو فرزند شاہ رفیع الدین اور شاہ عبد القادر ی ہیں اور یہ سلسلۂ خیر تاحال جاری ہے اور تاقیامت جاری رہے گا۔

تاہم عربی زبان وادب اور دینی تعلیم سے لاعلمی کے سبب اکثر اوقات اردو خواں طبقہ بھی محض ترجمہ قرآن سے پورا مفہوم اور مراد الہی سمجھنے سے قاصر رہتا ہے۔ اس لئے ضرورت اس چیز کی تھی کہ ترجمہ قرآن کے ساتھ ساتھ بریکٹوں یا مختصر حواشی کی مدد سے ان مقامات کی توضیح کر دی جائے جہاں صرف ترجمہ سے بات پوری طرح سمجھ نہیں آتی۔

پیش نظر ترجمه قرآن تفہیم الفرقان میں پہلی بار اس ضرورت کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جسے اللہ کے خاص فضل و احسان اور توفیق سے راقم نے شب و روز کی مسلسل محنت ، معاصر علماء کی مشاورت اور معتبر فضلاء کے تعاون کے بعد مرحلہ تکمیل تک پہنچایا۔ (الحمد للہ علی ذالک)

ترجمہ کرتے ہوئے عربی الفاظ کے قریب تر اردو الفاظ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ترجمے میں عربی زبان کے اصول وقواعد کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ مشکل الفاظ کی بجائے سادہ اور آسان الفاظ استعمال کئے گئے ہیں۔ ترجمہ کرتے ہوئے اسلاف کے علمی منبج سے کما حقہ استفادہ کیا گیا ہے حتی کہ ہر مشکل مقام پر قدیم وجدید تفاسیر و تراجم سے بھی استفادہ کیا گیا ہے اور بعض مقامات پر تو لغات و شروحات حدیث کی کتب بھی کھنگالی گئی ہیں۔ نیز حواشی کے لئے مستند کتب تفسیر جیسے تفسیر طبری، ابن کثیر ، قرطبی، فتح القدیر، جلالین ، ایسر التفاسیر اور تفسیر سعدی وغیرہ سے استفادہ کیا گیا ہے۔

ترجمہ و توضیح قرآن کی اس نازک اور گرانبار ذمہ داری کو حتی المقدور محنت سے نبھانے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن اگر پھر بھی قارئین کو کہیں کوئی نقص ہستم یا جھول محسوس ہو تو ضرور مطلع فرمائیں تا کہ جلد از جلد اس کی تصحیح کی جاسکے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ راقم کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے عامۃ المسلمین کی ہدایت کا ذریعہ بنائے۔ (آمین)

حافظ عمران ایوب لاهوری

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Home Cart Wishlist Login