Web Analytics Made Easy -
StatCounter

معارف نبوی سہ لسانی مجموعۂ حدیث برائے حفظ

معارف نبوی سہ لسانی مجموعۂ حدیث برائے حفظ

معارف نبوی سہ لسانی مجموعۂ حدیث برائے حفظ

احادیث نبوی کے چھوٹے بڑے بہت سے مجموعے مختلف زبانوں میں پائے جاتے ہیں – ایک مجموعہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن چشتی نے مرتّب کیا ہے ، جسے جناب محمد افضل لون (ملت پبلی کیشنز ، سری نگر کشمیر) نے چھاپا ہے – یہ مجموعہ متعدد خصوصیات رکھتا ہے –

ڈاکٹر خلیل الرحمٰن چشتی پاکستان کے معروف صاحبِ قلم ہیں – ان کی تصانیف سے پوری دنیا میں فائدہ اٹھایا جارہا ہے – اس کے علاوہ وہ اپنی تقریروں اور دروس کے ذریعے پاکستان اور دیگر ممالک ، خاص طور پر کینیڈا میں فیض پہنچا رہے ہیں – ان کا ایک وسیع حلقہ ہے – قرآنیات اور علوم الحدیث کے موضوعات پر ان کی قابل قدر تصانیف ہیں ، مثلاً درسِ قرآن کی تیاری کیسے کریں؟ قرآنی سورتوں کا نظمِ جلی ، سورۂ یٰسین ، اصولِ تفسیر ، انفاق فی سبیل اللہ ، تزکیۂ نفس ، حدیث کی اہمیت و ضرورت ، قواعدِ زبان عربی (دو جلدیں) وغیرہ – ان کا انداز تدریسی ہے – وہ دقیق مضامین بھی اس طرح بیان کرتے ہیں کہ ہر سطح کے قاری اور سامع کے ذہن نشین ہوجاتا ہے – انھوں نے الفوز اکیڈمی قائم کررکھی ہے ، جس کے تحت دینی ، علمی اور اصلاحی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں –

زیرِ نظر مجموعۂ احادیث انھوں نے اصلاً الفوز اکیڈمی کے مختلف کورسز میں شریک ہونے والوں کے لیے تیار کیا ہے ، تاکہ وہ تہجد اور فجر کی نمازوں کے دوران انہیں یاد کرلیں – اس میں عقائد و ایمانیات ، عبادات ، اخلاقیات ، معاشرت ، معاملات ، سیاسیات ، حلال و حرام جیسے مضامین کا احاطہ کیا گیا ہے – ہر موضوع پر عموماً پانچ احادیث دی گئی ہیں – مختصر احادیث کا انتخاب کیا گیا ہے ، تاکہ انہیں یاد کرنے میں آسانی ہو – زیادہ تر احادیث پر عنوان لگایا گیا ہے ، تاکہ انہیں سمجھنے میں آسانی ہو – احادیث کے مکمل حوالے دیے گئے ہیں اور صرف صحیح احادیث درج کی گئی ہیں ، ضعیف احادیث سے اجتناب کیا گیا ہے –

یہ مجموعہ پانچ سو تیئس (523) احادیث پر مشتمل ہے – اس میں احادیث کے عربی متن کے ساتھ اردو اور انگریزی ترجمہ بھی دیا گیا ہے – انگریزی ترجمہ پروفیسر حبیب الرحمٰن قاضی کا ہے –

قوی امید ہے کہ اس کتاب کو قبول عام حاصل ہوگا اور دینی حلقے اپنی تربیت کے لیے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے – احادیث کو بھی حفظ کرنے کا اہتمام کرنا چاہیے – اس سلسلے میں یہ کتاب معاون ثابت ہوگی

محمد رضی الاسلام ندوی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *