Web Analytics Made Easy - StatCounter
Meesaq ul Quran

میثاق القرآن

میثاق القرآن (جلد اول) مصنف: پروفیسر ابوسفیان اصلاحی

ناشر: مشکاۃ پرنٹر وپبلشر، علی گڑھ

سن اشاعت: ۲۰۲۶؛ صفحات:٧٥٤؛ قیمت: ٩٠٠ روپئے

قرآن کریم سے نسبت، اس کے اسرار ورموز کی وضاحت، تعلیم وتوضیح اور آیات قرآنی کی تشریح کی ہر کوشش باعث شرف اور لائق صد افتخار ہے۔ اردو زبان اس لحاظ سے ممتاز ہے کہ ترجمہ وتفسیر کا جتنا کام اس زبان میں ہوا ہے عربی کے علاوہ شاید ہی کسی اور زبان میں اس قدر کام ہوا ہو۔برصغیر میں اردو زبان میں ترجمہ وتفسیر کی زریں روایت رہی ہے جس کا کسی قدر اندازہ ڈاکٹر سید وہاج الدین ہاشمی کی مرتبہ کتاب ’اردو میں ترجمہ قرآن کی تاریخ‘ کی ورق گردانی سے کیا جاسکتا ہے۔محققین کے مطابق شمالی ہند میں سب سے پہلے قرآن کو اردو زبان میں منتقل کرنے کا شرف قاضی محمد معظم سنبھلی کو حاصل ہوا۔ اس کی تکمیل انھوں نے ۱۱۳۱ھ؍۱۷۱۹ء میں کی تھی اور اس کا نام تفسیر ہندی رکھا تھا۔ اس کے بعد شاہ مراد اللہ انصاری سنبھلی نے قرآن مجید کے تیسویں پارے کی تفسیر لکھی۔ ۱۱۸۵ھ؍ ۱۷۷۰ء میں اس کی تکمیل ہوئی، اس کا نام تفسیر مرادیہ ہے۔ اس کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔ قرآن مجید کا پہلا مکمل ترجمہ جسے غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی اور اب بھی مرجع کی حیثیت حاصل ہے وہ شاہ عبد القادرؒ کا ترجمہ ’موضح قرآن‘ ہے، دو صدی کا عرصہ گزرنے کے بعد شیخ الہند محمود حسن نے اس ترجمہ کو عام فہم، سلیس ، رواں اور زمانہ کے موافق حال بنانے کی کامیاب کوشش کی اور مولانا شبیر عثمانیؒ کے تفسیری افادات نے اس کی وقعت میں اضافہ کیا۔ انیسویں صدی کےچند اہم مکمل وجزوی تراجم وتفاسیر میں نواب صدیق حسن خاں، عبد الحق حقانی دہلوی، احسان اللہ محمد عباس گورگھ پوری، ڈپٹی نذیر احمد، فتح محمد جالندھری، سرسید احمد خاں اور مولانا عاشق الہٰی کے تراجم اب بھی دستیاب ہیں۔ قرآن کریم کے روایتی اردو تراجم کا اگر تجزیہ کیا جائے تو ترجمہ میں شاہ عبد القادرؒ کے اثرات نمایاں نظر آتے ہیں اور متعدد مفسرین نے ان سے استفادہ کا ذکر بھی کیا ہے۔

بیسویں صدی عیسوی کواردو تراجم وتفاسیر کا سنہری وانقلابی دور کہا جاتا ہے۔ اس صدی میں سو سے زائد مکمل اردو تراجم وتفاسیر تحریر کیے گئے۔ ظاہر ہے ہر ترجمہ وتفسیر کی اپنی انفرادیت ہے اور کسی بھی مفسر کے لیے اپنے زمانہ کے حالات کو یکسر نظر انداز کرنا ممکن نہیں ہے۔وقت کے زندہ اور حساس مسائل غیر شعوری طور پر تفسیر کے ضمن میں شامل ہوجاتے ہیں اور مفسر قرآن کریم کی روشنی میں ان مسائل کو حل پیش کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ مولانا اشرف علی تھانوی، احمد رضاخاں،ابو الکلام آزاد،ثناء اللہ امرتسری، مفتی محمد شفیع، محمد ادریس کاندھلوی، سید ابوالاعلیٰ مودودی، امین احسن اصلاحی، پیرمحمد کرم شاہ الازہری، عبد الماجد دریابادی اور شمس پیرزادہ وغیرہ کی تفاسیر میں یہ چیزیں واضح طور پر محسوس ہوتی ہیں۔

اکیسویں صدی کا ربع ابھی گزرا ہے لیکن اس قلیل عرصہ میں بھی پچاس سے زائد مکمل اردو تراجم قرآن منظر عام پر آچکے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ان کوششوں کا اصل مقصد یہ ہے کہ فہم قرآن عام ہو، لوگ قرآن کریم کے اصل پیغام سے آشنا ہوں، اس کی تعلیمات کو حرزِ جاں بنائیں او ر قرآنی تعلیمات سے متعلق غیروں کے اعتراضات کا ازالہ کریں اور تشکیک والحاد کا قرآن کی واضح تعلیمات کی روشنی میں رد پیش کریں۔

پروفیسر ابوسفیان اصلاحی کی تفسیر ’میثاق القرآن‘ (جلد اول) بھی فہم قرآن کی دعوت کو استحکام عطا کرنے کی سمت میں ایک مبارک قدم ہے، مفسر گرامی پروفیسر اصلاحی اہل علم کے درمیان معروف ہیں۔ مشہور قرآنی درس گاہ مدرسۃ الاصلاح کے فیض یافتہ، لکھنو یونی ورسٹی کے خوشہ چیں اور علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی کے شعبہ عربی میں تقریبا چار دہائی تک درس وتدریس سے وابستہ رہے ہیں۔ فی الحال شعبہ عربی سے سبک دوش ہوچکے ہیں اور قرآن کریم کے سایہ میں اپنے شب وروز بسر کررہے ہیں۔ قرآنیات ہی آپ کا اختصاص رہا ہے۔ قرآنی کتب کا مطالعہ، قرآنی آیات کے اسرار ورموز کی تشریح وتوضیح، قرآنی اسالیب اور مفردات کی وضاحت، مختصر قرآنی سورتوں کی تشریح،قدیم وجدید قرآنی تراجم وتفاسیر کا تقابلی مطالعہ وتنقیدی جائزہ ان کی قرآنی تحریروں کا مابہ الامتیاز ہیں۔

شعبہ عربی ، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی سے سبک دوشی کے بعد وہ قرآن کریم کے ترجمہ وتفسیر کے لیے معتکف ہوگئے۔ ذہن پر بس ایک ہی دھن سوار کہ کس طرح قرآن کریم کے پیغام کو سادہ اور عام فہم انداز میں قاری کے ذہن ودماغ میں اتار دیا جائے۔ اس بات کا خصوصی اہتمام کہ ترجمہ آسان اور رواں ہو تاکہ قاری صرف ترجمہ پڑھ کر ہی قرآنی تعلیمات سے آشنا ہوجائے۔ تفسیر میں غیر ضروری طوالت اور فقہی مباحث سے کلی اجتناب کیا جائے تاکہ قاری کسی قسم کی الجھن کا شکار نہ ہو۔ تفسیر القرآن بالقرآن اور نظم قرآن کو دلیلِ راہ بناکر قرآنی کے حقیقی مفہوم کو لوگوں کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ الفاظ ومفردات کی تحقیق میں قرآن ہی کا سہارا تلاش کیا جائے، اس کے محل استعمال کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کا اصل مفہوم متعین کیا جائے۔ پروفیسر اصلاحی کو تراجم وتفاسیر کے اس وسیع ذخیرہ کی موجودگی میں ترجمہ وتفسیر کی نزاکت اور دشواری کا اندازہ ہے ۔ ان کی شعوری طور پر یہ کوشش رہی ہے کہ ان کا یہ ترجمہ قرآن زبان وبیان، اسلوب اور ادائے معانی کے اعتبار سے باقی تراجم قرآن سے الگ ہو۔ مفہوم کی ادائیگی اس قدر واضح ہو کہ قاری کے دل پر دستک دے اور اسے غور وفکر پر آمادہ کردے۔

واضح رہے کہ پروفیسر اصلاحی چار دہائی تک شعبہ عربی، علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی میں درس وتدریس سے وابستہ رہے۔طلبہ کی ذہنی ساخت، ان کی صلاحیت، اشکالات ومسائل اور ان کی دلچسپیوں کا انھیں خوب اندازہ ہے۔زبان وبیان پر بھی انھیں گرفت حاصل ہے۔بات کو پیش کرنے کا سلیقہ بھی قدرت نے ودیعت کیا ہے، اس لیے انھوں نے کوشش کی ہے کہ سابقہ تراجم کو دلیلِ راہ نہ بنایا جائے بلکہ خود اپنا ترجمہ کیا جائے اور قرآن کے مفہوم کو اپنے اسلوب میں پیش کرنے کی کوشش کی جائے۔ انھیں اس راہ کی دشواریوں کا خوب اندازہ ہے۔مولانا ابو الکلام آزاد، مولانا امین احسن اصلاحی، سید ابوالاعلیٰ مودودی ، عبد الماجد دریابادی، پیر محمد کرم شاہ الازہری اوروحید الدین خاں جیسے نابغۂ روزگار کےتراجم کی موجودگی میں اپنےلیے ایک الگ راہ بنانا یقینا آسان نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے ترجمہ قرآن پر بار بار نظر کی ہے، جملہ اور تراکیب کی ساخت پر خوب غور کیا ہے اور بحث وتحقیق، سنجیدہ غور وفکرکے بعد ہی کسی مفہوم کو الفاظ کا قالب عطا کیا ہے۔ ظاہر ہے کہ ترجمہ اور وہ بھی کتاب الہٰی کا ترجمہ بڑا ہی نازک اور ذمہ داری کا کام ہے۔ تمام تر کوششوں کے باوجود تسامحات کا راہ پاجانا اور کتاب الہٰی کی توضیح وترجمانی میں انسانی کوشش کا عجز ودرماندگی سے دوچار ہونا کوئی عیب نہیں بلکہ عین ممکن ہے۔

Home Cart Wishlist Login