Web Analytics Made Easy -
StatCounter

واقعہ کربلا اور اس کا پس منظر

واقعہ کربلا اور اس کا پس منظر

واقعہ کربلا اور اس کا پس منظر

جب بھی میں اپنے ذہن میں ان کتابوں کی فہرست بناتا ہوں جن کو خوبصورت کہا جانا چاہیئے تو حاشیہ خیال میں ایک نمایاں نام مولانا منظور نعمانی مرحوم کے فرزند ارجمند علامہ عتیق الرحمن سنبھلی کی کتاب “واقعہ کربلا اور اس کا پس منظر۔ ایک نئے مطالعہ کی روشنی میں” کا آتا ہے۔

ایک نہایت حساس موضوع پر ایک نہایت محتاط تحقیق۔ حادثہ کربلا جیسا واقعہ جس سے لوگوں کی وابستگی حقائق سے زیادہ جذباتی نوعیت کی رہی ہو، اس موضوع پر پوری غیر جانبداری سے حقائق کو اس طرح پیش کرنا کہ قاری کو ایک لمحے کو محسوس نہیں ہوتا کہ علامہ سنبھلی کوئی غیر معقول یا حقائق سے ماورا بات کررہے ہیں۔ عاجزی و انکساری کا عالم یہ ہے کہ سنبھلی صاحب دعوی کرتے ہیں کہ میں تاریخ کا معمولی درجہ کا بھی طالبعلم نہیں ہوں، لیکن پوری کتاب میں تاریخی روایات کا جیسا مقارنہ اور تقابل کرکے علامہ سنبھلی نے حقائق کا استنباط کیا ہے، وہ کسی ماہر مورخ کا ہی خاصہ ہوسکتا ہے۔ ہر پچھلی روایت کو اگلی روایت کی روشنی میں جانچنا اور متضاد روایات کے مابین قرائن کی روشنی میں درایت کے تحت نتائج اخذ کرکے فیصلہ قارئین پر چھوڑ دینا اس کتاب کا خاص وصف ہے۔

میں نے تاریخ اسلام کے اس حساس موضوع پر اس سے زیادہ معتدل اور “باوقار و سنجیدہ” کتاب شاید نہ پڑھی ہو۔ پوری کتاب میں علامہ سنبھلی آپکو سیدنا علی و حسین رضی اللہ عنہما کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ نہ ہی کتاب میں یزید کو امیر المومنین بنانے کی سعی کی گئی ہے اور نہ ہی اس کو مذل المومنین و سیاہ کار بنانے پر زور صرف کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں تاریخی روایات کو واقعات کے درایتی جائزے کی روشنی میں پورے اخلاص کے ساتھ پیش کردیا گیا ہے۔ کتاب کے مندرجات کی ثقاہت اور تحقیقی معراج کے لیے یہ بات کافی ہے کہ “معارف الحدیث” جیسی کتاب کے مولف مولانا منظور نعمانی مرحوم نے اس کتاب کے مطالعہ کے بعد واقعہ کربلا سے متعلق اپنے سابقہ نظریات سے نہ صرف رجوع کیا بلکہ کتاب پر تائیدانہ تبصرہ بھی رقم کیا۔ اسی طرح ڈاکٹر حمید اللہ مرحوم جیسے محقق نے بھی اس کتاب کے مطالعہ کے بعد علامہ عتیق الرحمن سنبھلی کو تہنیتی خط لکھ کر مبارکباد پیش کی تھی۔

سچ تو یہ ہے کہ واقعہ کربلا کے موضوع سے متعلق اس احقر کے خیالات کو اعتدال پر لانے میں اس کتاب کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔ یہ کتاب جس خوبصورت ومعتدل طریقے سے سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کا موقف قارئین کے سامنے رکھتی ہے، اس سے حسین رضی اللہ عنہ کی عظمت و وقعت قاری کے دل میں کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ اللہ علامہ سنبھلی کو اس محققانہ کاوش پر بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین

محمد فہد حارث

کتاب خریدیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *