Web Analytics Made Easy - StatCounter
Misali English Reader

مثالی انگلش ریڈر انگریزی سیکھنے والوں کے لیے انسائیکلو پیڈیا

مثالی انگلش ریڈر‘ انگریزی سیکھنے والوں کے لیے انسائیکلو پیڈیا

تعارف و تبصرہ / عبدالرحمن قاسمی

مفتی محمد سجادحسین قاسمی صاحب، استاذ دارالعلوم وقف دیوبند سہ لسانی ادیب (عربی، انگریزی اور اردو) ہیں، مختلف پروگراموں اور سیمیناروں میں آپ کےپیش کیے گئے مقالات اورلکچرز، ملک کے معروف و مشہور رسائل و مجلات میں شائع مضامین اس کے بین ثبوت ہیں، حال ہی میں آپ کی پہلی اور اہم کاوش ’مثالی انگلش ریڈر‘ تقریبا ہزار صفحات پر مشتمل،تین جلدوں میں منظر عام پر آئی ہے، جو انگلش سیکھنے والوں کے لیے بے حد مفید اور معاون ہے۔

اسباق کا طریقہ ٔ کار

اس کتاب کے اسباق کا جو طریقہ ہےوہ کسی بھی مبتدی یا یہ انگریزی زبان و ادب سے کچھ آشنا طالب علم کے لیے یکساں مفید ہے، سبق کا آغاز متعلقہ بحث کی تعریف ، پھر اُس کی علامات،قواعد و امثلہ سے ہوتا ہے، اُس کے بعد فارمولہ ، انگلش سے اردو اور اردو سے انگلش ترجمے کے لیے جملے ہوتے ہیں، تمرین میں مناسب الفاظ کے انتخاب سے خالی جگہوں کو پُر کرنا ہوتا ہے اور اُس کے لیے منتخب الفاظ باکس میں دے دیے گئے ہیں، ایسے ہر سبق کے بعد مختصر گفتگو اورسہل انداز میں انگریزی گرامر لکھے گئے ہیں، کتاب کے اخیر حصہ میں اہم اور معلوماتی لغات درج ہیں۔

’مثالی انگلش ریڈر‘ کے تینوں جلد وں پر ایک نظر :

’مثالی انگلش ریڈر‘ کا جلد اول اکتیس اسباق اور 260 صفحات پر مشتمل ہے، ابتداء میں کچھ ناگزیر ہدایات دیے گئے ہیں اور پھر علی الترتیب ابتدائی مباحت ہیں جیسے ، حروف تہجی ، حروف نقل حرفی ، اسم اشارہ مشار الیہ کے مباحث مختلف شکلوںمیں ، محادثہ ،کچھ اہم تعبیرات، ضمائر کا استعمال ،اضافی اور توصیفی ضمائر کا طریقہ استعمال، متبدا و خبر کی تمام شکلیں، حروف جارہ ،مفعولی ضمائر ،ضمائر فاعل، اسم تفضیل ومبالغہ کے علاوہ ضروری اورناگزیر مباحت ہیں۔اور اخیر کتاب میں ساٹھ صفحات پر محیط لغات ہیں، جس میں لکھنے پڑھنے کی اشیاء، ہفتہ کے ایام، سال کے مہینے، موسم، رنگ ، گنتی، رومن گنتی ، پرندے ، جانور، کیڑے مکوڑے، جسمانی اعضاء، پھول، پھل ، خشک میوہ جات، غلہ جات، مسالہ جات، بحری حیوانات، ڈاک خانہ ، بینک ، گھر اور گھریلو ساز و سامان، پیشے ، موسم ، اصوات، اسلحہ جات اور اوزار، دودھ سے بنی ہوئی اشیاء، اوقات، قدرت ، رشتہ داری ، پوشاک ، کھانے پینے کی اشیاء، معدنیات اور جواہرات، شکلیں،کھیل، زیورات اور آرائشی ساز وسامان، زندگی کے مراحل، سمت،مقامات، بیماریاں،جسم کی خامیاں، فنون، وزراتی عہدے اور حکومتی اصطلاحات، جامعہ ، شعبہ ٔ جات، گھر کے اجزاء، سواریاں، عام مواد، ہوائی اڈہ، موسیقی کے آلات، درخت اور اس کے اجزاء، اسلامی اصطلاحات، جرائم ، مترادفات و اضداد، ناقابل شمار اسماء، مذکر و مؤنث، اسم جمع ، اسمائے مجردہ ، اسمائے محسوسہ، طبی ماہرین کے متعلق الفاظ و معانی ہیں، اس کے ساتھ مرکب الفاظ، صفات عامہ ، مرکب صفت، اسم مبالغہ ، مرکب افعال بھی درج ہے۔

دوسری جلد انچاس اسباق اور 347 صفحات پر مشتمل ہے، ٹینس (معروف ومجہول) کے مکمل مباحث ، ماڈل ورب ، جملہ شرطیہ، امرونہی کی بحث، اور دیگر اہم مباحث ہیں، کتاب کے اخیر میں تمرین میں آئے مشکل الفاظ کے اردو معانی ہیں۔

تیسری جلد ستاون اسباق اور 284 صفحات پر محیط ہے، مصدر کا طریقہ ٔ استعمال ، مصدر کے ساتھ استعمال ہونےوالی کچھ تعبیرات، مصدر مجہول کا طریقہ ٔ استعمال، جملہ شرطیہ کے اقسام ثلاثہ ، جملہ شرطیہ بہ شکل مجہول، شرطیہ پر دلالت کرنے والی دیگر تعبیرات کا طریقہ ٔ استعمال ، ماضی تمنائی کی بحث ، فعل لازم سے متعدی بنانے کا طریقہ ، اسم موصول کا طریقہ ٔ استعمال ، مرکب اسم موصول کا طریقہ ٔ استعمال ، بالواسطہ سوالات بنانے کا طریقہ ، فعل تعجب کا طریقہ ٔ استعمال، حالت فعل کا بیان، (خبریہ ، طلبیہ اور افتراضیہ) امر مجہول اور منفی مجہول کا بیان ، شرطیہ ، احتمالی فعل ، جواب کا مختصر طریقہ ٔ کار /سوالیہ لاحقہ ، خبروں کے ساتھ موافقت اور عدم ِموافقت ، خبروں پر تبصرے، کلمہ ٔ تعریف وتنکیر، متکلم کے کلام کو بعینہ نقل کرنے کا طریقہ ، معاون فعل کے مخففات، کلمہ فجائیہ ، کلمہ تعیین و تعریف، اسپیلنگ کے قواعد، عالمی صوتی ابجد، رموزواوقاف، خطوط نگاری، محاورے اورکہاوتیں، ادبی اقتباسات اور اخبار کے تراشے ، انگریزی ادبا ء کے اسما، انگریزی سیکھنے کی ویب سائٹس اور چینلنز کے اسماء اور بے حد اہم الفاظ و معانی درج ہیں۔

’مثالی انگلش ریڈر‘ کے تینوں جلدوں کے اسباق پر سرسری نظر ڈالنے سے تین جلدوں پر مشتمل کتاب کی اہمیت خوب سمجھ میں آجاتی ہے ، انگلش سیکھنے والوں کے لیے نہایت ہی اہم کتاب ہے ، اگر یہ کتاب کسی استاذ ، یا نگراں کی زیر نگرانی پڑھی جائے تو مکمل استفادہ کیا جاسکتا ہے ، اسے آپ ’نصابی کتاب‘ بھی کہہ سکتےہیں ، ہاں ! خود سے پڑھنے والے اور روز مرہ کے تمرین پورا کرنے والے حضرات بھی خوب استفادہ کرسکتے ہیں، اوراس طرح اُن کے علاوہ انگریزی سیکھنا ’آسان‘ ہوسکتا ہے، البتہ انگریزی بولنے کی صلاحیت کے لیے ’مسلسل بولنا ‘ ضروری ہے ۔

اس کتاب کو مولانا محمد برہان الدین قاسمی صاحب ، ڈائر یکٹر مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ، ممبئی اور ایڈیٹر ایسٹرن کریسنٹ نےانگریزی سیکھنے والوں کے لیے ’ انسائیکلو پیڈیا‘قرار دیا ہے ، وہ لکھتے ہیں :

’’ اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ کتا ب تین جلدوں پر مشتمل تقریباً ایک ہزار صفحات کی ہے او رطلبا ء مدارس کو انگریزی سکھانے کے لیے یہ ایک انسائیکلو پیڈیا جیسی ہے‘‘

مثالی انگلش ریڈر ، جلد سوم ، ص 9

Home Cart Wishlist Login