ایمان اور اس کے تقاضے”
پیشِ لفظ
مذہبِ اسلام جس طرح نظری واستدلالی طورپر ایک مستحکم اور مدلل مذہب ہے، اسی طرح عملی زاویے سے بھی اس کی تعلیمات طےشدہ اور واضح ہیں، اور عمل کے باب میں دین کے پانچ ستون معروف بھی ہیں اور لازمی بھی، جن پر عمل دنیا میں اسلامی نسبت کا محافظ اور آخرت میں نجاتِ دائمی کا باعث ہے۔
چناںچہ ان ہی مبادیاتِ دین کے متعلق مواد کو اِس مجموعے میں جگہ دی گئی ہے۔
اس کا پس منظر کچھ یوں ہے کہ گذشتہ سالوں میں مختلف مجالسِ درس کے اندر مذکورہ اساسیاتِ دین کے متعلق کچھ گفتگو کا موقع ملتا رہا، جسے بعد میں قلم بند کرکے عام مجموعے کے ساتھ شائع کرنے کی نوبت بھی آئی؛ لیکن وہ اشاعتیں کسی ترتیب وعنوان کے بغیر تھیں۔
اب دیگر بیانات ودروس کی طرح ان تقریروں کو بھی تدوینِ نَو کے ساتھ ’’ایمان اور اس کے تقاضے‘‘ کے نام سے شائع کیا جارہا ہے؛ چناںچہ پیشِ نظر مجموعہ ۴؍مرکزی عناوین پر منقسم ہے:
پہلے عنوان ’’اعتقاد اور یقین‘‘ کے تحت سات مضامین شامل کیے گئے ہیں، جن کا تعلق ایمان اور عقیدے کی اہمیت، خدا ورسول کی محبت، یقین وتوکل وغیرہ امور سے ہے، ساتھ ہی اپنے اور اپنی نسلوں کے ایمان وعقیدے کی حفاظت کے لیے فکرمندی پر ابھارا گیا ہے۔
دوسرے عنوان ’’نماز، زکاۃ اور مسجد‘‘ کے ضمن میں چھ مضامین کے ذریعے فرائض، خصوصاً نماز اور زکاۃ کے متعلق پابندی ومواظبت کی تلقین ہے اور ادائے فرائض کو دیگر عبادات کی نسبت زیادہ اہمیت دینے کی جانب توجہ دلائی گئی ہے۔
تیسرے عنوان ’’رمضان اور معمولاتِ رمضان‘‘ میں روزہ، قیام اللیل، اعتکاف اور شبِ قدر پر گفتگو مرکوز ہے، اور ان معمولات کے فضائل وفوائد کا نصوصِ شرعیہ سے ماخوذ بسیط تذکرہ ہے۔
اور آخر میں ’’متعلقاتِ قرآن‘‘ کے تحت قرآن کی عظمت کے ساتھ اس کے حقوق کا اجمالی بیان ہے، خاص طورپر تلاوتِ قرآن، حفظِ آیات اور قرآنی ہدایات پر عمل وغیرہ موضوعات گفتگو کا محور ہیں۔
ابوالقاسم نعمانی غفرلہٗ





