Web Analytics Made Easy - StatCounter
Sahih Fazail e Sahaba

صحیح فضائل صحابہ محدثین کے منہج پر

محدث مدینہ صاحب الجامع الکامل رحمہ اللہ کی مایہ ناز کتاب صحیح فضائل صحابہ اب ہندوستان میں بھی شائع ہوچکی ہے اور مکتبہ دارالسلام مئو پر دستیاب ہے، الحمدللہ

صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔

اس مبارک منفرد انسائیکلوپیڈیا کو عام کریں۔

یہ وہ مبارک کتاب ہے جس میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے فضائل و مناقب پر تمام صحیح احادیث کا احاطہ کیا گیا ہے ۔الحمدللہ

گویا یہ ایک منفرد انسائیکلوپیڈیا ہے۔

تمام متون حدیث کو اصل کتب سے لیا گیا ہے ۔
حسب ضرورت حواشی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

درج ذیل میں مقدمہ کے مختلف حصوں کے چند منتخب اقتباس

تمام تعریفیں اسی بابرکت ذات کے لیے جس نے چھ دن میں زمین و آسمان کو تخلیق فرمایا اور پھر عرش پر مستوی ہوا اور انبیاء کرام علیہم السلام کو لوگوں تک اپنا پیغام اور راہ ہدایت بتانے کے لیے مبعوث فرمایا اور درود و سلام ان سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر جنہیں صحراؤں کے وسط میں مبعوث کرکے لوگوں کو ظلمات کے اندھیروں سے نکال کر اسلام کے نور سے منور کردیا اور جنہیں حشر کے دن اولاد آدم کی سرداری عطا کی جائے گی اور اللہ کی رحمتیں نازل ہوں ان جلیل القدر نفوس پر جن سے انکا رب دنیا میں ہی راضی ہوگیا اور انہیں اپنی رضا کا پروانہ عطاء فرمایا۔

رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ

پوری امت مسلمہ ان خیرالقرون کے چمکتے ستاروں کی احسان مند ہے جنہوں نے صاحبِ قرآن سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دین کو سیکھا اور عمل پیرا ہوئے اور پھر اسے حفاظت کے ساتھ بعد والوں میں منتقل کیا اور اس میں کہیں بھی خیانت کا شائبہ بھی نہ آنے دیا بلکہ یہی نہیں جیسا کرتے دیکھا وہ بھی بیان کیا حتیٰ کہ سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دن رات جو ان کے سامنے گزرے انہیں اور اسی طرح آپ ﷺ کے خصائل و شمائل کو بھی بخوبی امت تک پہنچایا………

شیخ رحمہ اللہ نے اس کتاب کو احادیث صحیحہ سے مزین کیا ہے جو مختلف کتب احادیث میں موجود تھیں ان کو ایک ہی جگہ یکجا کر دیا اور ان نفوس جلیلہ کے متعلق سیدالاولین و الاخرین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صحیح احادیث میں وارد مناقب و فضائل کو عمدہ ترتیب کے ساتھ جمع کیا ہے ۔ اس کتاب کے مقدمہ میں شیخ رحمہ اللہ نے ان نفوس جلیلہ پر کیا ہی کمال لکھا ہے، اللہ اکبر کبیرا………..

اہل علم کو اللہ تعالیٰ نے اس وصف سے مالا مال کیا ہے کہ جب وہ خیرالقرون والوں کے متعلق لکھتے ہیں تو کمال لکھتے ہیں اور خاص طور پر سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک اور بلا واسطہ شاگردوں کے متعلق بلکہ خود رب العالمین نے جا بجا ان حضرات کا ذکر خیر کیا ہے کہیں انہیں ہدایت یافتہ کہا جارہا

أُولَئِكَ هُمُ ٱلمُهتَدُونَ کہیں انہیں متقین کہا جارہا ہے أُولَئِكَ هُمُ ٱلمُتَّقُونَ کہیں رب العالمين انہوں مؤمنون کہہ رہا ہےأُولَئِكَ هُمُ ٱلمُؤمِنُونَ کہیں انہیں جیتنے والے وَأُولَئِكَ هُمُ ٱلفَائزُونَ تو کہیں انہیں کامیاب کہا گیاأُولَئِكَ هُمُ ٱلمُفلِحُونَ کہیں انہیںأُولَئِكَ هُمُ ٱلرَّ ٰشِدُونَ تو کہیں سچے کہا گیاأُولَئِكَ هُمُ ٱلصَّـٰدِقُونَ کہیں انہیں وارث میراث پانے والے کہا گیا أُولَئِكَ هُمُ ٱلوَ ٰرِثُونَ تو کہیں رب العالمين نے انہیں اپنی جماعت کہا أُولَئِكَ حِزبُ ٱللَّهِ

یہ سب تعریفیں رب العالمین نے صحابہ کرام کے متعلق قرآن میں نازل فرمائیں، اللہ اکبر کبیرا یہ وہ لوگ ہیں جن کے تذکرے سونے کے پانی سے لکھے جانے کے قابل ہیں اور جنہوں نے قرآن و سنت کی بالادستی کیلئے اپنے” تن من دھن “ کو لگا دیا اور قرآن و سنت کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کی بھرپور سعی کی اور یہ انہی کی محنتوں کا ثمر ہے کہ آج ہم بھی مسلمان ہیں، الحمدللہ ان کے تذکرے ایمان بڑھاتے ہیں اور شوق عبادت ، زہد و تقویٰ اپنانے کی ترغیب ملتی ہے اور کیسے اللہ کی راہ میں خرچ کریں اور کیسے قرآن و سنت کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیں؟ سب انہی سے ہمیں ملتا ہے اور انہی کا منہج ہے جسے اپنا کر ایک مسلمان سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ کے راستے پر چل سکتا ہے یہی وہ نفوس جلیلہ ہیں کہ جن کے پیدا ہونے سے لیکر مرنے تک کے سارے معاملات اللّٰه تعالیٰ جانتا تھا اور پھر ظاہر نہیں باطن کے ساتھ ساتھ ان کے دلوں کا بھی امتحان لے لیا ۔

أُولَئِكَ الَّذِينَ امْتَحَنَ اللَّهُ قُلُوبَهُمْ لِلتَّقْوَى

اور ہر خطا کے باوجود انہیں اپنی رضا کا پروانہ عطاء فرما دیا ہے اور فقط پروانہ ہی نہیں بلکہ ایسی جنت کی بشارت مل رہی ہے جس کے نیچے نہریں بہہ رہی ہونگی

رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ وَأَعَدَّ لَهُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِي تَحْتَهَا الأَنْهَارُ

پھر سیدالاولین و الاخرین صلی اللّٰه علیہ وسلم بھی ان کے متعلق تنبیہ کر رہے ہیں، نبی کریم ﷺ نے فرمایا: میرے اصحاب کو برا مت کہو اگر کوئی شخص احد پہاڑ کے برابر بھی سونا (اللّٰه کی راہ میں) خرچ کر ڈالے تو ان کے ایک مد غلہ کے برابر بھی نہیں ہوسکتا اور نہ ان کے آدھے مد کے برابر، الخ

سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک شاگردوں سے بغض رکھنے والوں کے متعلق قرآن کا دو ٹوک مؤقف ہے کہ
لِيَغِيظَ بِهِمُ الْكُفَّارَ

شرف صحابیت وہ انمول نعمت ہے جو فقط صحابہ کرام کے حصے میں آئی اور یہ اللہ تعالیٰ کے منتخب کردہ اور سند یافتہ ہیں اور ان کے بعد کوئی اس شرف کو نہ پاسکا بلکہ اس پر…….

یہی وہ ہمارے اسلاف ہیں جن کی محنتوں کی برکت سے آج ہم مسلمان ہیں اور انہوں نے خون پسینہ ایک کردیا پھر کہیں جاکر ہمارے آباؤ اجداد تک یہ دین محمدی پہنچا اس پر کسی نے کیا خوب کہا

اسلام وہ شجر نہیں جس نے پانی سے نشو نما پائی
دیا خون صحابہ نے پھر کہیں جاکر اس میں بہار آئی

آپ کو اس مبارک کتاب میں انہی بابرکت ہستیوں کے صحیح ثابت شدہ فضائل و مناقب ملیں گے جو آپ کے ایمان کی حرارت کو بڑھانے کےکام آئیں گے۔ یہ ان لوگوں کے تذکرے ہیں جنہوں نے اپنی جیتی جاگتی آنکھوں سے سیدالاولین و الآخرين صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیکھا اور ان پر ایمان لائے اور فقط یہی نہیں بلکہ اپنا سب کچھ نچھاور کرنے کے لیے پیش پیش رہتے تھے…………

بعض کالے دلوں والے ، اپنے دل میں بغض رکھنے والے صحابہ کرام پر اعتراض کرتے ہیں ۔
ان اعتراضات کی کوئی حقیقت نہیں ہے ، یاد رہے صحابہ کرام سے محبت ایمان سے ہے ، صحابہ کرام قرآن رجال ہیں ، الحمدللہ ، جو ان پر اعتراض کرتا ہے وہ حقیقت میں اللہ تعالی پر اعتراض کرتا ہے کیو نکہ صحابہ کرام اللہ تعالی کا انتخاب ہیں ۔ یاد رکھیں صحابی کبھی منافق نہیں ہوسکتا اور منافق کبھی صحابی نہیں ہوسکتا لہٰذا ایمان اور نفاق دونوں متضاد ہیں اور یہ ایک دل میں جمع نہیں ہوسکتے اور اللہ رب العزت کی طرف سے سبھی صحابہ کرام کے لیے جنت کا وعدہ ہے

وَكُلا وَعَدَ اللَّهُ الْحُسْنَى

مزید اور بہترین تفصیلات آئندہ صفحات پر استاذ گرامی محدث مدینہ رحمہ اللہ کے مقدمہ میں آپ کو پڑھنے کے لیے ملیں گی إن شاء اللہ

9 ذوالحجہ کو 4 برس قبل شیخ رحمہ اللہ اس دنیا فانی سے رخصت ہوئے اور گنگا سے زم زم تک کا سفر تمام ہوا اور اسی عظیم قبرستان میں سپرد خاک ہوئے جہاں صحابہ کرام مدفون ہیں اور جوار مسجد نبوی ملا، اللہ اکبر کبیرا

Home Cart Wishlist Login