Web Analytics Made Easy - StatCounter
Al Madkhal Ila Mishkat ul Masabih

المدخل الی مشکاۃ المصابیح

مفتی محمد تنویر الطاف صاحب (استاذ الحدیث جامعہ بیت السلام تلہ گنگ) نے اپنی کتاب المدخل إلى مشكاة المصابيح ہدیۃ بھیجی ہے، ساڑھے تین سو صفحات ہیں۔ نام عربی کا ہے لیکن کتاب اردو میں ہے، اس میں مشکوۃ المصابیح سے متعلق اہم مباحث شامل ہیں۔یہ کتاب کی دوسری طباعت ہے جو اپریل 2026کی ہے۔ مکتبہ القدس تلہ گنگ سے شائع ہوئی ہے۔ میں نے پچھلے سال اس کتاب کا پہلا ایڈیشن پڑھ لیا تھا ۔ حقیقت یہ ہے کہ مجھے یہ کتاب پڑھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ صحاح ستہ کے تعارف پر بہت زیادہ کتابیں لکھی گئی ہیں، لیکن مشکوۃ کے مباحث کے تعارف پر کتاب نہیں ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے مشکوۃ کو جو مقام ملا ہے یہ بر صغیر کی خصوصیت ہے، عرب دنیا میں ایسا نہیں ہے۔ چونکہ صحاح ستہ پر عرب دنیا میں کام ہوا ہے اس کی وجہ سے برصغیر میں بھی کام ہوا ہے، لیکن مشکوۃ کے تعارف ودراسہ پر عرب دنیا میں بھی کوئی کتاب نہیں ہے۔

اس کتاب کے مشتملات کا خلاصہ کچھ یوں ہے کہ پہلے باب میں مصابیح السنہ اور اس کے شروح وتراجم کا ذکر ہے، دوسرے باب میں مشکوۃ المصابیح اور اس کے شروح اور متعلقات کا ذکر ہے۔

پہلے باب کے تحت امام بغویؒ کے حالات زندگی تفصیل سے ذکر کیے ہیں اور ان کے تصانیف کا تعارف بھی کیا ہے، امام بغوی کی مشہور کتابیں معالم التنزیل، شرح السنہ اور مصابیح السنہ ہیں۔ اس کے بعد مصابیح السنہ کا تفصیلی تعارف کیا ہے۔ ص۳۹ تا۱۲۲۔ اس میں انہوں نے امام بغوی کی مشہور اصطلاح کے بارے میں بھی بحث کی ہے کہ وہ سنن اربعہ کی احادیث کو حسان کہتے ہیں۔ اس میں انہوں نے اس اصطلاح پر رد کے اقوال ذکر کیے ہیں کہ ضروری تو نہیں کہ سنن اربعہ کی احادیث حسان ہوں وہ صحاح بھی ہوسکتی ہیں اور ضعاف بھی۔ وہاں بعض علما کے دفاع کے اقوال بھی ذکر کیے ہیں اور راجح یہ قرار دیا ہے کہ یہ امام بغوی کی خاص اصطلاح ہے اس سے جمہور والی اصطلاح مراد نہیں ہے۔

انہوں نے مصابیح السنہ کے مصادر تیرہ کتابیں ذکر کیے ہیں۔صحاح ستہ کے علاوہ موطا، کتاب شافعی، مسند احمد، مسند دارمی، سنن دارقطنی، سنن بیہقی، کتاب رزین۔

اس کے بعد انہوں نے امام بغوی کی بعض تسامحات کا ذکر کیا ہے۔ پہلا تسامح یہ کہ انہوں نے خطبے میں لکھا ہے کہ وہ ضعیف اور غریب حدیث کی نشان دہی کریں گے۔ لیکن سب جگہ اس کا خیال نہیں رکھا۔ اس میں انہوں نے دو احادیث بطور مثال ذکر کی ہیں، جس میں سے ایک طلب العلم فريضة على كل مسلم ہے، یہ ضعیف حدیث ہے لیکن مصنف نے ضعف کی نشان دہی نہیں کی ہے۔ لیکن اس بارے میں مصنف کو علامہ احمد غماریؒ کی کتاب المسهم في بيان حال حديث طلب العلم فريضة على كل مسلم.کا مطالعہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے حدیث کے تمام طرق ذکر کیے ہیں اور مجموعی طور پر یہ حدیث صحیح ہے۔

امام بغوی کا دوسرا تسامح یہ ہے انہوں نے مقدمہ میں لکھا ہے کہ صحاح میں صحیحین کی احادیث اور حسان میں سنن اربعہ کی احادیث ذکر کریں گے۔ لیکن کئی جگہ اس کا التزام نہیں کیا ہے۔

تیسرا تسامح یہ ہے کہ انہوں نے مقدمہ میں لکھا ہے کہ وہ اس کتاب میں موضوع ومنکر روایات نہیں ذکر کریں گے۔ لیکن اس میں بعض منکر وموضوع روایات بھی موجود ہیں۔ بعض علما نے امام بغوی کا دفاع بھی کیا ہے کہ ان کے نزدیک بالاتفاق منکروموضوع مراد ہے، اور یہ روایات متفقہ منکر نہیں ہوں گی۔

چوتھا تسامح یہ ہے کہ امام بغوی نے اس کتاب میں ضعیف احادیث کیوں ذکر کی ہیں کیونکہ یہ احادیث تو احکام میں حجت نہیں ہیں۔ اس کا جواب انہوں نے علامہ تورپشتی کی شرح المیسر سے یہ نقل کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ یہ ضعیف احادیث بالاتفاق ضعیف نہ ہوں، بعض کے نزدیک ہوں۔ کیونکہ ضعف کی وجوہات میں ائمہ کا اختلاف بھی ہے۔ لیکن اس سلسلے میں دیگر جوابات بھی ہیں۔

Home Cart Wishlist Login