اسلام نے ہر نشہ آور چیز سے بڑی سختی کے ساتھ منع کیا ہے ۔اور اکثر منشیات کو حرام قرار دیا ہے ۔کیوں کہ یہ نشہ آور چیزیں ہر طبقے کے لیے انتہائی مہلک ہیں۔یہ انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہیں،اور انسان کی عقل و شعور اور صحت کو ہلاکت کے دہانے تک پہنچاتی ہیں۔جس کا مشاہدہ آج ہم اپنے معاشرے میں ہر طرف کرتے ہیں۔دنیا کے دوسرے خطوں کے ساتھ ہمارے کشمیر میں بھی لاکھوں لوگ اس لعنت میں گرفتار ہوچکے ہیں۔ جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگ صحت اور تندرستی جیسی انمول نعمت سے محروم اور ہزاروں گھر سکون و راحت سے دور ہوچکے ہیں۔
ان حالات کو دیکھ کر معاشرے کے اصحابِ عقل و دانش اور انسانیت کے ہمدرد منشیات کی وبا پر قابو پانے کے لیے فکر مند اور سرگرم عمل ہیں ۔جن میں وادی کے معروف ماہر صحت، قابل معالج، سماجی کارکن اور مصنف و مؤلف محترم ڈاکٹر نثار احمد ترالی بھی شامل ہیں ۔ڈاکٹر صاحب نے وادی میں تیزی سے پھیل نے والی منشیات کا احساس کرتے ہوئے ایک مفصل کتاب “آئینہ منشیات”کے نام سے اس موضوع پر لکھی ہے۔
زیر نظر کتاب میں انہوں نے بڑی تفصیل کے ساتھ تقریباً تمام نشہ آور اشیاء کا تعارف دیا ہے ۔ پھر اسلامی تعلیمات کو پیشِ نظر رکھ کر جدید تحقیق کی روشنی میں ان کے طبی، اخلاقی اور سماجی نقصانات واضح کیے ہیں۔ اس کے ساتھ کتاب میں جگہ جگہ پر قابلِ عمل اور کار آمد تجاویز اور مشورے دیے گئے ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کی ان ہدایات اور تجاویز پر اگر عمل کیا جائے تو آدمی ہمیشہ کے لیے منشیات کی لعنت سے نجات حاصل کر سکتا ہے ۔ غرض زیر نظر کتاب منشیات کے تدارک کے لیے ایک کارگر ہتھیار اور معاشرے کے خاص وعام کے لیے بڑی فائدہ مند ہے ۔ لہٰذا میری ہر فرد سے گزارش ہے کہ اس کتاب کو خرید کر اس کا سنجیدگی سے مطالعہ کرے۔اور منشیات سے اپنے آپ کو بچانے کے ساتھ اپنے معاشرے کو بھی بچائے۔یہی اس کی دینی فریضہ بھی ہے اور سماجی ذمہ داری بھی۔
ڈاکٹر نثار احمد ترالی صاحب نے اس کتاب کے علاوہ 40 سے زائد کتب ورسائل تحریر کیے ہیں۔جن میں اکثر طب و صحت کے مختلف موضوعات پر ہیں، بعض کتب دین واخلاق اور تاریخ کے موضوعات پر ہیں ۔جن میں “آئینہ حج مبرور”، “آئینہ مدارس”اور”آئینہ ترال” جیسی تصانیف قابلِ ذکر ہیں ۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مصنف کو زیادہ سے زیادہ دین وملت اور انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے آمین ۔
خاکی محمد فاروق

