نبی اکرم ﷺ بطور ماہرِ نفسیات از سیدہ سعدیہ غزنوی۔
اب اس کتاب کے تعارف کی بات کی جائے تو یہی کہوں گا کہ کچھ کتابیں آپ صرف پڑھنے کے لیے نہیں لیتے بلکہ اُن سے سیکھنے، سمجھنے اور اپنے اندر کچھ بدلنے کے لیے لیتے ہیں۔ یہ کتاب میرے لیے ایسی ہی ایک کتاب ہے۔ آج ہی وصول ہوئی اور میں نے اسی وقت اس کا مطالعہ شروع کر دیا۔ دل میں ایک عجیب سا اشتیاق تھا کہ دیکھوں مصنفہ نے اس موضوع کو کس انداز میں پیش کیا ہے۔
اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی اس کا موضوع (Theme) ہے۔
عام طور پر ہم سیرتِ نبوی ﷺ کو تاریخی، اخلاقی یا دینی زاویے سے پڑھتے ہیں۔ مگر اس کتاب میں رسولِ اکرم ﷺ کی سیرت کو نفسیاتی زاویے سے دیکھا گیا ہے یعنی انسان کے باطن، اس کے خوف، احساسات، کمزوریوں، نفسیاتی الجھنوں اور سماجی رویوں کے تناظر میں۔
مصنفہ یہ دکھانے کی کوشش کرتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ انسانی نفسیات کو کس قدر گہرائی سے سمجھتے تھے۔ آپ ﷺ لوگوں کے مزاج، ان کی کمزوریوں، ان کی ذہنی کیفیت اور جذباتی ضرورتوں کو پہچانتے تھے اور پھر اسی کے مطابق ان سے معاملہ کرتے تھے۔ یہی وہ پہلو ہے جو اس کتاب کو عام سیرت کی کتابوں سے مختلف بناتا ہے۔
کتاب کن موضوعات پر بات کرتی ہے؟
کتاب کے مختلف ابواب میں انسانی نفسیات کے کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے، مثلاً:
تالیفِ خوف Fear Complex
احساسِ گناہ Guilt Complex
احساسِ کمتری Inferiority Complex
کج لباسی Transvestism
تعبیرِ خواب Interpretations of Dreams
شادی اور اس کے مسائل Marital Problems
ہر باب میں پہلے مسئلے کی نفسیاتی نوعیت بیان کی گئی ہے، پھر سیرتِ نبوی ﷺ سے مثالیں دے کر بتایا گیا ہے کہ حضور ﷺ نے ایسے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کیا۔ یہ انداز نہ صرف علمی ہے بلکہ عملی بھی — یعنی پڑھنے والا خود کو ان مثالوں میں کہیں نہ کہیں دیکھ لیتا ہے۔
ابھی میں نے مطالعہ شروع ہی کیا ہے، مگر ابتدائی صفحات ہی یہ احساس دلاتے ہیں کہ یہ کتاب صرف مذہبی عقیدت کی کتاب نہیں، بلکہ انسانی فہم کی کتاب ہے۔
یہ ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ اگر ہم واقعی سیرت کو سمجھ لیں، تو شاید آدھی نفسیاتی پیچیدگیاں خود ہی سلجھ جائیں۔
توصیف اکرم نیازی

