Web Analytics Made Easy -
StatCounter

Mathematics of Inheritance, وراثت کی ریاضیات

Mathematics of Inheritance, وراثت کی ریاضیات

یہ بات خوش آئند ہے کہ مسلم معاشرہ میں گزشتہ کچھ عرصے سے تقسیمِ وراثت کے سلسلے میں بیداری آرہی ہے ۔ لوگوں کو اس حکمِ الٰہی کی اہمیت کا احساس ہورہا ہے ۔ وہ جانناچاہتے ہیں کہ مستحقینِ وراثت کون ہیں؟ اور ان کے کیاحصے شریعت میں متعین کیے گئے ہیں؟ یہ بیداری خواتین میں بھی ہے کہ وہ اپنے حصے طلب کررہی ہیں اور مردوں میں بھی کہ وہ شرحِ صدر کے ساتھ اپنی بہنوں اور دیگر خواتین کو ان کے حصے دینا چاہتے ہیں ۔

علم الفرائض اسلامی شریعت کا ایک اہم حصہ ہے ۔ قرآن مجید میں عموماً احکامِ دین کے اصول وکلیات بیان کیے گئے ہیں اور ان کی تفصیلات و جزئیات احادیثِ نبوی میں فراہم کی گئی ہیں ۔ لیکن علم الفرائض کا یہ امتیاز ہے کہ اس کی تقریباً جملہ تفصیلات قرآن مجید (سورہ النساء : آیات : 11,12,176) میں مذکور ہیں _ علم الفرائض دینی مدارس کے نصاب کا جز ہے ۔ اس فن میں متعدد نصابی کتابیں پائی جاتی ہیں ۔ اس کے علاوہ بھی عربی اور اردو زبانوں میں متعدد کتابیں لکھی گئی ہیں ۔ اس کے باوجود اسے ایک مشکل فن سمجھاجاتا ہے ۔ چنانچہ وراثت کے کسی مسئلے کو دینی مدارس کے فارغین کے لیے بھی حل کرنا آسان نہیں ہوتا ۔

جناب انوار عالم (نئی دہلی) کو علم الفرائض سے خصوصی دل چسپی ہے ۔ وہ اسے زیادہ سے زیادہ عام کرنا چاہتے ہیں ۔ اس کے لیے وہ آف لائن اور آن لائن دونوں طرح سے کورس چلاتے ہیں ۔ اب تک بہت سے نوجوانوں نے اس کورس سے فائدہ اٹھایاہے ۔ انہوں نے اس موضوع پر متعدد کتابیں اردو ، ہندی اور انگریزی میں تیار کی ہیں ۔ اب انہوں نے ایک مبسوط کتاب انگریزی زبان میں Mathematics of Inheritance کے نام سے تیار کی ہے ۔

کتاب کی ابتدامیں مستحقینِ وراثت کی فہرست ، ان کے حصے ، تقسیمِ وراثت سے قبل وصیت کا نفاذ ، تقسیمِ وراثت کے طریقے اور ضابطے اور دیگر ضروری باتیں تحریر کی گئی ہیں ۔ اس کے بعد وراثت کی دو سو چار (204) صورتوں کو تفصیل سے حل کرکے دکھایا گیا ہے ۔ اس کے بعد مصنف کی سابقہ کتابوں کے قارئین کی جانب سے موصول ہونے والے کچھ سوالات کو حل کیا گیا ہے ۔ آخر میں بہ طور ضمیمہ قرآن وحدیث میں وراثت کے احکام ، حوالوں کی کتابوں اور اس موضوع پر کچھ لنکس(Links) کو درج کردیا گیا ہے اور یوٹیوب پر موجود علماء کے لیکچرس کے لنکس بھی دیے گئے ہیں ۔

فاضل مصنف راقمِ سطور سے بہت محبت کرتے ہیں _ اس سے پہلے وراثت کے موضوع پر اپنے کتابچوں اور اب اس کتاب کو بھی انھوں نے مجھے دکھایا اور مشورے لیے ، ان پر مجھ سے تعارف لکھوایا ، وراثت کے موضوع پر میرے کچھ ویڈیوز کے لنک کتاب کے آخر میں شامل کیے ، باقاعدہ کتاب کے ٹائٹل پر صراحت کی کہ یہ کتاب میری نظر سے گزر چکی ہے _ شاید وہ اس خوش فہمی میں مبتلا ہیں کہ ایسا کرنے سے ان کی کتاب کا اعتبار بڑھ جائے گا _ اللہ تعالیٰ اس خوش فہمی کو حقیقت میں بدل دے _

انوار عالم صاحب کو وراثت کی تعلیم دینے کا جنون ہے _ وہ فیض پہنچانے کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں _ ان کی آف لائن اور آن لائن کلاسز سے متعدد ممالک کے شائقین استفادہ کرتے رہتے ہیں

مصنف : انوار عالم

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *