Web Analytics Made Easy -
StatCounter

اول المسلمین کے بعد شیعہ اور سنی کی داستان لیزلے ہیزلٹن

اول المسلمین کے بعد شیعہ اور سنی کی داستان

اول المسلمین کے بعد شیعہ اور سنی کی داستان لیزلے ہیزلٹن

اول المسلمین کے بعد، شیعہ اور سنی کی داستان
After The Prophet Urdu ,آفٹر دی پرافٹ کا اردو ترجمہ
Lesley Hazleton ,مصنف: لیزلے ہیزلٹن

محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اول المسلمین اور خاتم النبین ہیں۔ آپ کی زندگی پر ہزاروں کتابیں لکھی جا چکی ہیں جو لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں صفحات پر مشتمل ہیں۔ ان تصانیف کے مصنفین بھی سینکڑوں ہیں۔ علماء، محققین اور تاریخ دان وغیرہ۔ ان میں مسلم اور غیر مسلم، ہر طرح کے لوگ شامل ہیں۔ محمد مصطفی کی زندگی چونکہ مسلمانوں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے، ان ساری تصانیف کی اہمیت اپنی جگہ بڑھ کر ہے۔

مشرق، بالخصوص اسلامی دنیا کے علاوہ مغرب میں بھی تاریخ دان اور محققین نبی کریم کی زندگی پر تحقیق جاری رکھتے ہیں اور اس ضمن میں بے شمار کتب اور مقالات شائع ہو چکے ہیں۔ سنجیدہ مغربی مصنفین کا مقصد اسلام کے ابتدائی دور اور نبی کریم کی زندگی کو عقلی بنیادوں پر سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یعنی، اکثر دلچسپی کا سامان تاریخ اور اس سے جڑے عوامل ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں چونکہ اسلام اور نبی کریم کی زندگی کا آج کے دور میں معاشرت، سیاست، عقائد اور نظریات پر گہرا اثر ہے، مغرب میں کی جانے والی سنجیدہ تحقیق اس لیے بھی دلچسپی سے بھرپور ہے کہ آج کے دور میں اس بابت سمجھنے کے جدید رخ اور جہتیں میسر آ سکتی ہیں۔

زیر نظر کتاب، برطانوی نژاد امریکی مصنفہ لیزلی ہیزلٹن کی تصنیف ہے۔ ہیزلٹن سیاست، مذہب اور تاریخ پر کئی کتابیں اور مقالات پیش کر چکی ہیں۔ چونکہ وہ جامعہ میں نفسیات کی طالب علم رہ چکی ہیں تو اپنی دوسری تصانیف کی طرح اس کتاب میں بھی نبی کریم کی سوانح حیات میں بجائے صرف واقعات کے بیان پر توجہ کے ہر واقعےکا تاریخی، معاشرتی اور نفسیاتی پس منظر، وقت اور حالات کے مطابق وجوہات اور کرداروں، بالخصوص نبی کریم کی نفسیاتی حالت کا تفصیلی جائزہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نبی کریم کے زندگی کا احوال بیان کرتی دوسری سوانح عمریوں سے یہ کتاب، ‘The First Muslim’ قدرے مختلف معلوم ہوتی ہے۔

اردو زبان میں پہلے ہی نبی کریم کی اسوہ حسنہ پر کئی کتابیں دستیاب ہیں۔ اس کتاب کی بنیاد یعنی اوائل تاریخ اسلام میں تحریر کی جانے والی پہلی ‘سیرۃ رسول’ (ابن اسحاق) اور ‘تاریخ اسلام’ (ال طبری) بھی اردو میں دستیاب ہیں۔ مگر اس کتاب اردو ترجمہ پیش کرنے کا مقصد اول، اردو زبان سمجھنے والے قارئین جو دلچسپی رکھتے ہوں، انہیں سنجیدہ مغربی محقق اور تاریخ دان کی نظر سے نبی کریم کی زندگی کو دیکھنے کا موقع مل سکے اور دوم یہ کہ، اس کتاب کے ذریعے اس دور کے حالات اور واقعات کو عقلی خوردبین سے جانچا جا سکے۔

چونکہ، یہ کتاب خالصتاً تحقیق، نفسیات اور تاریخ کے حقائق پر مشتمل ہے تو بعض قارئین کو اس کا بیان اور مواد اچھوت معلوم ہو۔ یہ فطری ہے۔ اسی طرح، دوسری کتابوں کی طرح یہ ترجمہ سادہ اردو زبان میں ترتیب دیا جا رہا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد مجھ جیسے عام فہم رکھنے والے قارئین کے لیے نبی کریم کو علامت کی بجائے ایک انسان کے طور پر جاننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اور عقیدت کی بجائے حقائق پر مبنی یا داشت ترتیب دینا ہے۔ یہاں یہ باور کرانا لازم ہے کہ اس کتاب کا سارا مواد اوائل دور میں لکھی گئی دو تواریخ، سیرۃ النبی (ابن اسحاق) اور تاریخ اسلام ( ال طبری ) سے لیا گیا ہے۔ یہ دونوں ذرائع تاریخ اسلام اور اسوۃ رسول کے حوالے سے انتہائی مستند سمجھے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں کئی دوسرے حوالوں سے بھی کام لیا گیا ہے، جن کی مکمل فہرست کتاب کے آخر میں فراہم کی گئی ہے۔

یہاں ایک نکتہ، جس کی طرف اس بلاگ کے قارئین کی توجہ دلانا لازم ہے اور یہ بات واضح کر دی جائے کہ مصنف اور مترجم دونوں کی ہی نظر میں نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کے اصحاب کا ادب ہر صورت برقرار ہے۔ کتاب کے مندرجات کی روانی برقرار رکھنے کے لیے حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے لیے محمدؐ اور باقی برگزیدہ ہستیوں کے صرف پہلے نام استعمال کیے گئے ہیں۔ اس سے نہ صرف بیان کی روانی اور دلچسپی برقرار رہے گی بلکہ کتاب کا بنیادی مقصد یعنی اس طرح ان تمام ہستیوں کے شخصی خاکے ابھر کر سامنے آ پائیں گے۔ ہم ان سے بطور انسان آشنا ہو سکیں گے۔ قارئین پر واضح رہے کہ تمام برگزیدہ ہستیوں کے لیے تکریم نام، خطاب اور القاب کے ساتھ اور ان کے بغیر، ہر دو حالتوں میں جوں کی توں، قائم ہے۔

اسی طرح یہ نکتہ بھی باور کرانا لازم ہے کہ اس کتاب کا ترجمہ انتہائی احتیاط سے ترتیب دیا جا رہا ہے۔ مگر تمام مندر جات لیزلی ہیزلٹن کی انگریزی زبان میں تصنیف ‘دی فرسٹ مسلم’ سے لیے گئے ہیں۔ یہ اسی کتاب کا اردو ترجمہ، ‘اول المسلمین’ کے نام سے شائع کیا جا رہا ہے۔ کتاب کا اردو اور انگریزی عنوان سورۃ انعام آیت 163 سے لیا گیا ہے۔ کتاب اور اس سے متعلق تحقیق، مواد کی صحت اور حقوق مصنفہ سے منسوب اور بحق محفوظ ہیں۔ مواد کی صحت کے حوالے سے یہ بات یاد رہے کہ تمام مواد اوائل تواریخ اسلام کے مستند ذریعوں سے لیے گئے ہیں۔ ان حوالوں کے سوا بھی کئی دوسرے ذرائع اس کتاب کو تشکیل دینے میں استعمال کیے گئے ہیں۔ اس بارے، کتاب کے آخر میں تفصیلات فراہم کی گئی ہیں اور انگریزی نسخے میں مفصل حوالے دیے گئے ہیں۔

مزید براں یہ ترجمہ کتاب کا لفظ بہ لفظ ترجمہ نہیں ہے۔ بلکہ انگریزی سے اردو میں ڈھالتے ہوئے، زبان کے قواعد، روانی اور ضرورت کے ساتھ ساتھ چاشنی کو بھی ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔

نبی کریم محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت بہت ہی قد آور ہے اور ان کی زندگی کے آج تک مرتب ہونے والے اور مستقبل میں دور رس اثرات اتنے زیادہ ہیں کہ شاید کوئی بھی کتاب ان کا کلی طور احاطہ نہ کر سکے۔ اس کتاب اور ترجمے کو ایک کاوش، علمی سمندر میں ایک اور قطرہ اور سوچنے کی ایک سادہ مگر نئی جہت کے طور پر پڑھا اور سمجھا جائے۔

کتاب خریدیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *