Web Analytics Made Easy -
StatCounter

الامصار ذوات الآثار امام ذہبی کا اردو ترجمہ

الامصار ذوات الآثار امام ذہبی

الامصار ذوات الآثار امام ذہبی کا اردو ترجمہ

امام ذہبی کی تصنیف الامصار ذوات الآثار، برادر عزیز اسد اللہ خالد کی ترجمہ کردہ کتاب شائع ہو چکی ہے۔ یہ دراصل معروف مؤرخ و محدث امام ذہبی کے ایک رسالہ کا ترجمہ ہے۔ اس رسالے میں علامہ موصوف نے ان شہروں کا اجمالی جائزہ پیش کیا ہے جہاں محدثین نے علم حدیث کے واسطے کام کیا۔ مختصر نویسی کی مثال دیکھنا ہو تو یہ رسالہ مشعل راہ کا کام دے سکتا ہے۔ اکثر ہم دیکھتے ہیں کہ لکھاری حضرات بات کی گہرائی کو لمبائی سے پورے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب کہ اس کے بر خلاف علامہ موصوف نے اس رسالہ میں انہتائی اختصار سے کام لیتے ہوئے بھی قاری کو بہت سی قابل قدر معلومات فراہم کی ہیں۔ جیسا کہ مختلف شہروں میں دروس حدیث کا آغاز کب ہوا، کون کون سے اکابر و اصاغر صحابہ اکرام، تابعین و تبع تابعین و محدثین وہاں علم حدیث کے فروغ کا باعث بنے۔ نیز سیاسی حالات یا دیگر وجوہات کی بناء پر کب ان علاقوں سے علم رخصت ہوا وغیرہ وغیرہ۔ خیر یہ تو رہا بیان اس کا کہ علامہ ذہبی نے کیا کیا کچھ درج کیا ہے۔

اب مترجم جناب اسد اللہ نے قاری کی آسانی کے واسطے کتاب میں جا بجا مفید حواشی شامل کیے ہیں۔ پھر ہم ایسے لوگوں کے لیے جو کہ باقاعدہ علوم اسلامیہ کے طالب علم نہیں، علامہ موصوف کے حالات زندگی و ان کے علمی آثار پر مبسوط مضامین تحریر کر کے ان کو کتاب کا حصہ بنایا ہے۔ مترجم نے عربی کتب سے خوب استفادہ کیا ہے اور اسے دیکھ کر قاری داد تحقیق دیے بنا نہیں رہ سکتا۔ باقی انسان خطا کا پتلا ہے اور بتقاضائے بشریت بعض پروف کی اغلاط کا رہ جانا کچھ عجب نہیں۔ پھر کامل تو شاید کوئی شے ہو بھی نہیں سکتی۔ البتہ امید ہے کہ قارئین کی نشاندہی پر مترجم ان شاء اللہ العزیز اگلی اشاعت میں ان کی درستی کر دیں گے۔ ہمارے ہاں عموماً مترجم کو خاص وقعت نہیں دی جاتی۔ علم و تحقیق سے وابستہ افراد جانتے ہیں کہ ایسی کتب کا ترجمہ کرنا کیسا جانگداز کام ہے اور ہمارے فاضل مترجم نے یہ کام خاصی خوش اسلوبی سے سر انجام دیا ہے۔ کل مل کر یہ ایک عمدہ کتاب کا عمدہ ترجمہ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *