Web Analytics Made Easy -
StatCounter

آثار حنیف بھوجیانی

آثار حنیف

آثار حنیف بھوجیانی

معروف عالم ومحدث علامہ عطاء اللہ حنیف بھوجیانی رحمہ اللہ کے اردو رسائل ومضامین کا مجموعہ “آثارِ حنیف بھوجیانی” کے نام سے چار جلدوں میں شائع ہوا ہے۔

یہ علمی مجموعہ شیخ محمد عزیر شمس رحمہ اللہ کی مسلسل تحریک اور ترغیب کے نتیجے میں منصہ شہود پر آیا، جس کا ایک سبب تو علامہ بھوجیانی کے آثار کی علمی وفکری اہمیت ہے اور دوسری وجہ شیخ عزیر رحمہ اللہ کی اپنے اس مربی سے والہانہ عقیدت ومحبت ہے۔

شیخ عزیر شمس رحمہ اللہ ہی نے علامہ بھوجیانی رحمہ اللہ کے صاحبزادے اور مجموعہ کے مرتب حافظ احمد شاکر صاحب کو پہلے اس کی طرف مسلسل توجہ دلائی اور خاکہ بنا کر دیا، پھر محدث بھوجیانی کے رسائل ومضامین اور دروس وفتاوی کی مکمل فہرست ارسال کی کہ اسے یوں مرتب کر کے شائع کیا جائے۔ بعد ازاں اس کی مراجعت وتصحیح بھی کی اور اس پر مقدمہ بھی لکھا۔

اس تفصیل سے مقصود یہ ہے کہ اس مجموعے کی اشاعت میں اول تا آخر وہ مرتب کے ساتھ شریک رہے۔۔۔۔۔۔مگر جب اس کتاب کے مرتب حافظ احمد شاکر صاحب نے مقدمہ میں شیخ عزیر رحمہ اللہ کا تذکرہ کیا، اس کی ترتیب واشاعت میں ان کی مساعی گنوائیں اور مکرر شکریہ ادا کیا تو شیخ عزیر مرحوم کو اپنا یوں تذکرہ وشہرہ پسند نہ آیا۔۔۔۔۔آگے انہی کے الفاظ میں ملاحظہ کیجیے کہ وہ مرتب کے نام اپنے خط میں کیا کہتے ہیں۔۔۔۔۔۔رحمہ اللہ وغفر لہ ورفع درجاتہ فی اعلی علیین۔

شیخ محمد عزیر شمس رحمہ اللہ حافظ احمد شاکر صاحب کے نام اپنے مکتوب میں لکھتے ہیں

” میں نے عرض مرتب اور دونوں مضامین پڑھے۔ کچھ تصحیحات ہیں جو روانہ کر رہا ہوں۔ میرا ذکر اس میں بار بار آیا ہے جو مجھے پسند نہیں۔ کام ہونا چاہیے، نام مطلوب نہیں۔ مولانا بھوجیانی مرحوم سے بہت کچھ میں نے سیکھا ہے، ان میں “حُبُّ الظّھور (شہرت پسندی) سے دور اور نفور ہونا” بہت اہم صفت ہے جس سے ہمیں متصف ہونا چاہیے۔”

حافظ شاھد رفیق

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *