امام ابو حنیفہ اور عمل بالحدیث استاد مولانا محمد عمار خان ناصر صاحب کی پہلی علمی کاوش ہے جو پہلی بار 1996 جامعہ نصرۃ العلوم گوجرانولہ سے شائع ہوئی ۔ یہ نئی دہلی سے مطبوعہ دوسرا ایڈیشن ہے ۔ یہ کتاب ، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے ۔ حدیث کے باب احناف پر وارد ہونے والے اعتراضات کا تحقیقی جائزہ پیش کرتی ہے ۔ شیخ بخاری امام ابوبکر ابن ابی شیبہ کی “المصنف” کے آخر میں “کتاب الرد علی ابی حنیفہ” کے عنوان سے قریباً ڈھائی سو احادیث کی روشنی میں حنفیہ پر 125 اعتراضات موجود ہیں ۔ عربی زبان میں شیخ زاہد الکوثری کی النکت الطریفہ ان اعتراضات کی عمدہ تنقیح ہے ۔ اُردو میں زیر نظر کتاب پہلی مکمل اور جامع کاوش ہے۔ جس پر برصغیر کے جمیع احناف کو فاضل مصنف کا شکرگزار ہونا چاہیے ۔ بعد ازاں فقہائے احناف کا تعامل بالحدیث مختلف زاویوں سے مصنف کے مطالعہ کی جولانگاہ بنا رہا ۔ “فقہ الحدیث میں احناف کا اصولی منہج” اور”فقہائے احناف اور فہم حدیث: اصولی مباحث” اسی کا تسلسل ہے ۔ “قرآن و سنت کا باہمی تعلق” نہایت فاضلانہ تصنیف ہے ۔ خدا تعالیٰ مصنف علام کی اس علمی خدمت کو نافع بنائے اور اپنے بارگاہ سے شرف قبولیت بخشے ۔