Web Analytics Made Easy -
StatCounter

Gair Islami Tyohar | غیر اسلامی تہوار

غیر اسلامی تہوار

Gair Islami Tyohar | غیر اسلامی تہوار

جدید ذرائعِ ابلاغ اور سوشل میڈیا کے انقلاب کے بعد سے مسلم غیر مسلم میل جول کا تناسب ساری دنیا میں بڑھا ہے۔آج ہر مسلمان کو روزمرہ زندگی میں قدم قدم پر مغرب کی غالب تہذیب وثقافت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یورپ اور امریکہ نے کمزور مشرقی ممالک کے اوپر اپنے رہنے سہنے کا طور طریقہ تھوپ دیا ہے۔ چنانچہ لباس،خوردونوش اور تقریبات وغیرہ میں مغربی طرز کی نقالی عام بات ہوگئی ہے۔اسی کی ایک شکل غیر اسلامی تیوہاروں کا منانا بھی ہے۔ میل جول کے جدید طریقوں کے بعد سے ہمارے ثقافتی اور اجتماعی ماحول میں غیر مسلم تیوہاروں کا رقبۂ اثر بڑھا ہے۔ چونکہ غالب مغربی رسوم ورواج کا دبائو سب سے زیادہ ہے،اس لیے خدامِ مغرب نے عادت کے مطابق ان غیر اسلامی تیوہاروں کو بھی شرعی جامہ پہنانے کی کوشش تیز کر دی ہے اور کفار ومشرکین کے تیوہاروں سے روکنے والی شریعت کی نصوص کی تاویل کا پِٹارہ کھول دیا ہے۔

سنتِ نبوی کا مطالعہ کرتے ہوئے انسان کو حیرت ہوتی ہے کہ کیوں اللہ کے نبیﷺ نے غیر اسلامی تیوہاروں میں مسلمانوں کی دور قریب سے شرکت کو بھی حساسیت کے ساتھ لیا ہے۔ ایک سے زیادہ واقعات میں آپﷺ کا اہتمام اس پہلو سے نمایاں ہے کہ کوئی مسلمان غیر اسلامی تقریبات میں شرکت نہ کرے۔ ایک سے زیادہ قضیے ایسے ملتے ہیں جس میں اللہ کے نبیﷺ نے قابلِ لحاظ حد تک تیوہاروں میں کفار سے دوری بنائے رکھنے کا حکم دیاہے۔ نبیِ اکرمﷺ کے عملِ مبارک سے مترشح ہوتا ہے کہ آپؐ تیوہاری سرگرمیوں میں مسلمانوں کا علاحدہ اور جداگانہ ملّی تشخص چاہتے تھے۔ ہم چار احادیث یہاں درج کریں گے کیونکہ ان کی روشنی میں اس تعلق سے ایک عمومی مفہوم اخذ کرنے میں آسانی ہوگی۔

پہلا واقعہ آپﷺ کے مدینہ منورہ تشریف لانے کے بعد کا ہے۔ آپﷺ نے مدینے والوں کو دیکھا کہ سال کے دو دن یہ لوگ تفریح کرتے ہیں اور ان دو دنوں کو ایک سماجی جشن کے طور پر مناتے ہیں۔ اللہ کے نبیﷺ نے اس مسئلے کو یونہی نہیں چھوڑا، بلکہ اس سماجی تقریب کے محرکات کے بارے میں لوگوں سے دریافت فرمایا۔پوچھا کہ یہ دو دن کیا ہیں؟[ما ہذان الیومان]لوگوں نے بتایا:’’جاہلیت کے زمانے میں ہم اِن دو دنوں میں کھیل کود کیا کرتے تھے۔‘‘ [کنا نلعب فیہما فی الجاہلیۃ] اس پر اللہ کے نبیﷺ نے یہ نہیں کہا کہ ٹھیک ہے،کوئی بات نہیں،اسے جاری رکھو،بس اس کا دھیان رکھو کہ کھیل کود میں کسی خلافِ شریعت عمل کا ارتکاب نہ ہونے پائے۔آپﷺ نے اس کے بجائے آگے بڑھ کر اس تقریب کے انعقاد کو بالکلیہ منسوخ کردیا، حالانکہ اس وقت اُس اجتماعی جشن کی تیاریاں عروج پر تھیں۔ آپﷺ نے ارشاد فرمایا:’’اللہ نے ان دو دنوں کے بدلے میں تمہیں بہتر دن عطا کردیے ہیں؛عید الاضحی اور عید الفطر۔‘‘ [إن اللہ قد أبدلکم بہما خیر منہمایوم الأضحی ویوم الفطر] (سنن ابو داؤدؒ: ۱۱۳۴۔ سنن نسائیؒ:۱۵۵۶ ۔ مسند احمدؒ:۱۲۸۲۷،۱۳۴۷۰،عن انسؓ)

دوسرا واقعہ یہ ہے کہ کسی صحابی نے یہ نذر مان لی کہ کچھ اونٹ حجاز کے ایک مقام پر لے جاکر ذبح کریں گے۔ اس جگہ کا نام بوانہ تھا۔ بعد میں وہ اس نذر کے تعلق سے استفسار کرنے آپﷺ کے پاس آئے۔ اللہ کے رسولﷺ نے ان سے کئی سوال ایسی چیزوں کے بارے میں پوچھے جو اگر وہاں پائی جاتیں تو ان کی وجہ سے یہ نذر جائز نہ رہ پاتی۔ جواز کا فتویٰ دینے سے قبل آپﷺ نے جو چند سوالات کیے ان میں ایک سوال یہ بھی تھا کہ کیا اس جگہ یعنی بوانہ میں کافروں کا کوئی تیوہار منایا جاتا ہے؟ ان صاحب نے نفی میں جواب دیا تو فرمایا:’’تب تم اپنی نذر پوری کردو۔‘‘ [ہل کان فیہا عید من أعیادہم فقال الرجل لا فقال لہ النبیﷺ أوف بنذرک](سنن ابو داؤدؒ:۳۳۱۳، عن ثابتؓ بن ضحاک)

تیسری حدیث یہ ہے کہ اسلامی عید کی گہما گہمی کے درمیان آپﷺ نے عام مسلمانوں کو ایک جامع اور واضح حکم دیا جس سے عیدوں کے تعلق سے اس امت کی خاصیت اور امتیاز پر روشنی پڑجاتی ہے۔ فرمایا:’’ہر قوم کی کوئی عید ہوتی ہے،یہ ہماری عید ہے۔‘‘ [إن لکل قوم عیدا وہذا عیدنا] (صحیح بخاریؒ:۹۵۲۔ صحیح مسلمؒ:۸۹۲، عن عائشہؓ)

چوتھی حدیث وہ ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ حجۃ الوداع کے ایام میں اللہ کے نبیﷺ نے دوبارہ نئے سرے سے مسلمانوں کے ذہنوں میں عید کی خصوصیت وانفرادیت کا استحضار کرایاتھا۔ چنانچہ فرمایا تھا:’’یومِ عرفہ،یوم النحر اور ایامِ تشریق ہم مسلمانوں کی عید ہے۔‘‘ [یوم عرفۃ ویوم النحر وأیام التشریق عیدنا أہل الإسلام](سنن ترمذیؒ:۷۷۳۔ سنن ابو داؤدؒ:۲۴۱۹۔ سنن نسائیؒ:۲۰۰۴، عن عقبہؓ بن عامر)

اب ان واقعات واحادیث سے ایک عمومی حکم نکالنے کی کوشش کیجئے۔شاید میری طرح آپ کو بھی عیدوں کے تعلق سے اللہ کے رسولﷺ کی حساسیت دیکھ کر تعجب ہوا ہوگا۔ بہرحال اس سے صاف ہوجاتا ہے کہ نبیِ کریمﷺ کے پیش کردہ تصورِ شرعی میں عید کی حیثیت محض ایک اجتماعی موقعے یا سماجی تقریب کی نہیں تھی جس کا دین یا دین داری سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ اس کے برعکس اللہ کے نبیﷺ نے عید کی دینی حیثیت پر مختلف طریقوں سے روشنی ڈالی ہے۔چنانچہ کبھی یہ ہواکہ اہلِ یثرب اپنا اجتماعی جشن منا رہے ہیں تو ان سے کہا گیا کہ ان دنوں کو چھوڑ دو کیونکہ اللہ نے تمہیں ان سے بہتر دن عید الاضحی اور عید الفطر کی شکل میں عطا فرمادیے ہیں۔مدینے میں منائے جانے والی عہدِ جاہلیت کے تیوہاروں کے ترک پر اس قدر زور دیا گیا کہ مورخین کے مطابق یہ دونوں یثربی عیدیں بالکلیہ نابود ہوگئیں اور ان کا نام ونشان مٹ گیا۔ علامہ ابن تیمیہؒ نے ان دونوں جاہلی عیدوں کے روپوش ہوجانے کا بڑا عمدہ تجزیہ فرمایا ہے۔

لکھتے ہیں:’’وہ دونوں جاہلیت کے دن اسلام کی آمد کے بعد مر گئے اور ان کا کوئی اثر عہدِ رسالت،عہدِ خلفائے راشدین کے زمانے میں باقی نہ رہ گیا۔اگر اللہ کے رسولﷺ نے ان دونوں دنوں میں لوگوں کو سختی کے ساتھ کھیل کود کرنے اور تیوہار منانے سے نہ روکا ہوتا تو لوگ عادت اور عرف کے مطابق کسی نہ کسی درجے میں اس پر قائم رہتے کیونکہ عادت اور رواج اُسی وقت بدلتا ہے جبکہ کسی طاقتور وسیلے سے اسے بدلا جائے۔بالخصوص اس لیے کہ عورتوں اور بچوں اور بیشتر مردوں کی فطرت اُس دن کی مشتاق رہتی ہے جسے وہ عید سمجھتے ہیں اور جس میں صرف کھیل کود ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تیوہاروں کے بارے میں لوگوں کا طرزِ عمل بدلنے سے بڑے بڑے بادشاہ بھی عاجز رہ جاتے ہیں کیونکہ تیوہاروں کی محبت کا تقاضا دلوں میں بڑا شدید وعمیق ہوتا ہے اور اسے منانے کی جمہور عوام کی چاہت بے نہایت ہوتی ہے۔ اس لیے اگر اللہ کے رسولﷺ کی طرف سے ان عیدوں کی شدید ممانعت نہ ہوتی تو لازماً وہ آج باقی رہتیں،چاہے بہت کمزور شکل میں رہتیں۔ مگر وہ عیدیں بالکلیہ مٹ گئیں، یہ اس بات کی دلیل ہے کہ آپﷺ نے سختی کے ساتھ ان عیدوں سے روکا تھا۔‘‘ (اقتضاء الصراط المستقیم لمخالفۃ اصحاب الجحیم، ابن تیمیہؒ، تحقیق:ناصر عبدالکریم العقل:۱/۴۳۵)

دوسری جگہ اللہ کے رسولﷺ کسی نذر کے جواز کا فتویٰ دینے سے پہلے قربانی کی جگہ کے بارے میں پوچھتے ہیں کہ آیا وہاں عہدِ جاہلیت میں کوئی میلا یا تیوہار تو منعقد نہیں ہوتا تھا؟ یہ سب اس لیے تاکہ مسلمان کے ذہن میں اپنی عیدوں کا منفرد تشخص اور کردار پوری طرح رچ بس جائے۔ وہ نذر کرنے والے صحابی کو بتاتے ہیں کہ جس نذر کی تکمیل میں معصیتِ الٰہی کا ارتکاب کرنا پڑے اسے پورا نہیں کرنا چاہیے،مطلب یہ کہ اگر اُس جگہ کوئی جاہلی تیوہار منعقد ہواکرتا تو وہاں نذر کا جانور ذبح کرنا جائز نہ ہوتا۔

تیسری جگہ اسلامی عیدوں کے خصوصی شعار کو بیان کیا جاتا ہے کہ ہر قوم کی عید کی طرح ہماری الگ مخصوص عید یہ ہے۔ اور اسی سے ملتے جلتے ایک واقعے میں اسے مسلمانوں کی عید کہا جاتا ہے۔ عید کے موضوع پر یہ حدیث بالکل الگ تناظر پیش کرتی ہیں اور بالکل منفرد زبان میں یہاں بات کہی جارہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ عید صرف ایک اجتماعی تقریب نہیں ہے جس میں لوگ کام دھندھا چھوڑ کر شریک ہوجاتے ہوں، بلکہ یہ امتِ مسلمہ کی امتیازی خصوصیات میں شامل ہے جو ازروئے دین اس ملت کو بخشی گئی ہیں۔

اس طرح کے واقعات نے صحابۂ کرامؓ اور تابعینِ عظامؒ اور ان کے متبعین کے ذہنی افق پر گہرا اثر ڈالا تھا۔ اسی لیے حضرت عمرؓ فرمایا کرتے تھے کہ ’’دشمنانِ خدا کے تیوہاروں پر اُن سے دوری بنا لو۔‘‘ [اجتنبوا اعداء اللہ فی عیدہم](سنن کبری، بیہقیؒ:۹/۳۳۴/۱۸۶۴۱)

بلکہ شروطِ عمریہ کے نام سے مشہور وہ قانونی معاہدہ جو حضرت عمرؓ نے اپنے عہدِ خلافت میں ذمیوں پر لاگو کیا تھا اس میں یہ دفعہ بھی شامل ہے کہ دار الاسلام میں وہ اپنے تیوہاروں کو علانیہ طور پرنہ منائیں گے۔ اس وقت ایرانی مجوسی ذمیوں کے تیوہار ’’باعوث‘‘ اور ’’شعانین‘‘ ہوتے تھے۔ چنانچہ شروطِ عمریہ میں آیا ہے:’’ہم باعوث اور شعانین نہ نکالیں گے۔ باعوث میں یہ لوگ ویسے ہی جمع ہوتے تھے جیسے مسلمان عید، بقر عید پر جمع ہوتے ہیں۔‘‘ [وألا نخرج باعوثا- قال والباعوث یجتمعون کما یخرج المسلمون یوم الأضحیٰ والفطر- ولا شعانین] (احکام اہل الذمۃ، ابن القیمؒ،تحقیق:یوسف البکری وشاکر العارودی:۳/۱۱۵۹)

بلکہ جیسا کہ تفسیر بالمأثور کی کتابوں میں ہے کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ اور ان کے ساتھ پانچ جلیل القدر تابعی مفسرین نے ارشادِ باری ’’والذین لا یشہدون الزور‘‘ [فرقان، ۷۲] (اور وہ جھوٹ کے گواہ نہیں بنتے)سے یہ استنباط کیا ہے کہ رحمن کے بندے کفار کی عیدوں میں شرکت نہیں کرتے کیونکہ ان کے تیوہار اور تقریبات بھی ’’زُور‘‘ میں شامل ہیں۔ (دیکھیں تفسیر ابن کثیرؒ:۶/۱۳۰۔ الدر المنثور، سیوطیؒ:۱۱/۲۲۵-۲۲۶۔ تفسیر البغوی:۶/۹۸)

اسلامی عیدوں کی خصوصیت وانفرادیت کا یہ شرعی تصور تبعِ تابعین کے بعد فقہائے مذاہبِ اربعہ کے یہاں بھی پہنچا۔ اس تعلق سے بہت سے علماء نے مذاہبِ اربعہ کی نصوص کو یکجا کر دیا ہے۔علامہ ابن القیمؒ فرماتے ہیں:’’جس طرح کفار کے لیے دار الاسلام میں کافرانہ تیوہاروں کے علانیہ انعقاد کی اجازت نہیں ہے،اسی طرح مسلمانوں کے لیے بھی جائز نہیں کہ اس میں ان کی مدد کریں یا اس میں عملاً حصہ لیں یا وہاں حاضر ہوں۔ یہ علمائے کرام کا اجماعی موقف ہے اور ائمۂ اربعہ کے متبعین فقہاء نے اپنی کتابوں میں اس کی صراحت کی ہے۔‘‘ (احکام اہل الذمۃ،ابن القیمؒ:۳/۱۲۴۵)اس کے بعد علامہ ابن القیمؒ نے کافرانہ تیوہاروں میں شرکت کی ممانعت کے حوالے سے مذاہبِ اربعہ کی کتابوں سے اقتباسات نقل کیے ہیں۔تفصیل کے طالب وہاں ان حوالوں کو ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔(احکام اہل الذمۃ:۳/۱۲۴۵-۱۲۵۰)

مگر یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے اور یہ سوال بڑا اہم ہے۔ اختصار کے ساتھ سوال یہ ہے کہ ایک طرف ہم جانتے ہیں کہ اللہ کے نبیﷺ نے کفار کی مصنوعات،کپڑے،برتن،اسلحہ، مساکن وغیرہ کے تئیں حد درجہ تسامح اور نرمی کا مظاہرہ کیا ہے،بلکہ عہدِ جاہلیت کے اجتماعی رسم ورواج میں سے بیشتر کو جوں کا توں رہنے دیا،بہت کم حصے میں تبدیلی وتغیر پیدا کیا۔دوسری طرف ایسا کیوں ملتا ہے کہ کافرانہ تیوہاروں اور عیدوں کے تعلق سے آپﷺ نے حد درجہ باریک بینی اور حذر واحتیاط کے پہلو کو اختیار فرمایا۔ایسا کیوں نہ ہوا کہ کفار کی عیدوں کے ساتھ بھی آپﷺ کا وہی معاملہ رہتا جو دیگر سماجی امور ومعاملات میں رہا ہے اور جو رواداری اور ملائمت کی عکاسی کرتا ہے؟ اگر کسی کے دل میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے تو یقینا وہ اس مسئلے کے عمیق فقہی مفہوم کو بہ خوبی سمجھ سکتا ہے کیونکہ یہی سوال وہ پلِ صراط ہے جس سے گزر کر ہم اس موضوع کے جوہر اور مغز تک پہنچ سکتے ہیں۔ جو شخص بھی اللہ کے رسولﷺ کے تسامح پر مشتمل احادیث کو زیرِ بحث لائے گا اور ان پر یہ سوال قائم کرے گا وہ یقینا اس پورے قضیے کی جڑ تک پہنچ جائے گا۔

اس سوال کا مختصر جواب یہ ہے کہ نبیﷺ نے کافر عیدوں کے تئیں دیگر سماجی امور ومعاملات کی طرح تسامح اور گریز کا رویہ اختیار نہیں فرمایا کیونکہ شریعت کی نگاہ میں عید صرف ایک اجتماعی تقریب نہیں ہے،بلکہ یہ دین کا ایک شعار ہے اور کفار کے شعائر میں شرکت کی اجازت مسلمان کو نہیں ہوتی۔ اسی مفہوم کو علامہ ابن تیمیہؒ نے فقہی زبان میں بڑی مہارت وبراعت کے ساتھ بیان کر دیا ہے۔ درج بالا احادیث کی روشنی میں علامہ ابن تیمیہ کا یہ تجزیہ بہ غور پڑھنے کے لائق ہے۔ فرماتے ہیں:’’عید کے مسئلے میں کئی پہلوئوں سے غور ہو سکتا ہے۔ نمبر ایک یہ کہ اسلامی عیدوں کو شرائع ومناسک اور دینی مناہج میں شامل کیا گیا ہے جن کے بارے میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:{لِکُلِّ أُمَّۃٍ جَعَلْنَا مَنسَکاً ہُمْ نَاسِکُوہُ فَلَا یُنَازِعُنَّکَ فِیْ الْأَمْرِ}(حج، ۶۷) ’’ہر امت کے لیے ہم نے ایک طریقِ عبادت مقرر کیا ہے جس کی وہ پیروی کرتی ہے۔ پس وہ اس معاملے میں تم سے جھگڑا نہ کرپائیں۔‘‘گویا عید کا معاملہ قبلے کی طرف رخ کرنے،نماز پڑھنے اور روزہ رکھنے جیسا ایک دینی معاملہ ہے۔عید میں کافروں کے ساتھ شرکت کا مطلب ہے ان کی جملہ عبادتوں میں شرکت،کیونکہ تمام عیدوں میں موافقت کفر پر موافقت ہے اور بعض عیدوں میں موافقت کفر کے بعض حصے سے رضامندی کی دلیل ہے۔بلکہ اعیاد اور تیوہار ہی تو وہ چیز ہے جس سے شریعتیں باہم دگر ممتاز ہوتی ہیں اور یہی کسی بھی ملت کا سب سے نمایاں شعار بھی ہوتے ہیں۔ چنانچہ اس میں اگر کوئی کفار سے مشابہت یا موافقت کا راستہ اختیار کرتا ہے تو وہ گویا شرائعِ کفر کے اخص ترین اورنمایاں ترین شعار کے تئیں اپنی رضامندی ظاہر کرتا ہے، اور اس میں شک نہیں کیا جاسکتا کہ اس ایک چیز میں موافقت کا نتیجہ کفر کی جملہ اشکال سے رضامندی کی شکل میں برآمد ہوتا ہے۔‘‘ (اقتضاء الصراط المستقیم، ابن تیمیہؒ:۱/۴۷۰)

امام ابن تیمیہؒ کی ژرف نگاہی کا ثبوت یہ ہے کہ انہوں نے عیدوں کو شرائع اور مناسک کی قبیل سے گردانا ہے۔العید من جملۃ الشرائع والمناہج والمناسک۔مطلب یہ ہوا کہ عید کا موقعہ صرف ایک سماجی تقریب نہیں ہے بلکہ طوافِ کعبہ، رمیِ جمرات، نماز اورداڑھی وغیرہ دینی شعائر وعلامات کی مانند ہے۔
چنانچہ اب اگر کوئی مفکر صاحب یا دانشورِ ملت آکر یہ فرماتے ہیں کہ کرسمس یا دیوالی کا تیوہار اب مذہبی یا دینی تقریب کی حیثیت سے باقی نہیں رہ گیاہے،اب وہ ایک عالمی یا ملکی سماجی تقریب بن گیا ہے،اس لیے اسے منانے کی مسلمانوں کو بھی اجازت ہونی چاہیے۔تو اس کا جواب یہ ہے کہ عید اپنے آپ میں ایک دینی شعار ہے، قطعِ نظر اس سے کہ اسے منانے والے کی نیت کیا کچھ ہے۔اگر کوئی انگریز نومسلم اپنے گلے میں صلیب صرف اس لیے لٹکانا چاہتا ہے کیونکہ وہ اس سے اسمارٹ دِکھتا ہے، یا مغربی ملکوں میں یہ ایک فیشن ہے تب بھی ازروئے شرع اسے اس کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ صلیب اپنے آپ میں ایک باطل مذہب کا شعار ہے۔ اسی طرح اگر کوئی جاپانی مسلمان یہ اجازت مانگتا ہے کہ اسے ایک سوشل ایکٹی وٹی کے طور پر غیر مسلموں کے کسی مندر کا طواف کرنے دیا جائے،اس کی نیت صرف سیر وتفریح اور چہل قدمی کی ہوگی،عبادت کا شائبہ تک نہ ہوگا، اس کے باوجود اسے اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ اس کے اس ارادے وعمل کو موافقِ شرع مانا جائے گا۔کیونکہ کسی بھی بت کدے کا طواف فی نفسہ عملِ عبادت ہے،چاہے کرنے والا عبادت کی نیت رکھے یا نہ رکھے۔اسی طرح ہندوستان کا کوئی تحریکی مفکر اگر مورت کے سامنے دست بستہ کھڑا ہونے یا کسی تصویر کی آرتی اتارنے کی مذموم حرکت کرتا ہے تو یہ عمل خلافِ شریعت ہوگا،اگرچہ وہ صرف ایک سماجی رسم کے طور پررواروی میں ایسا کرے۔

جب ہم نے تسلیم کر لیا کہ عید اور تیوہار دین کا شعار ہوتا ہے،تو اپنے آپ یہ مبرہن ہوجاتا ہے کہ جو لوگ بھی غیر مسلموں کی عیدوں پر انہیں مبارک بادپیش کرتے ہیں وہ ایک کافرانہ شعار کی پذیرائی کرتے ہیں۔ اسی لیے امام ابن القیمؒ نے لکھا ہے:’’کفر کے شعائر جو کفر کے ساتھ خاص ہوں،ان پر کسی کو مبارک باد دینا بالاتفاق حرام ہے۔مثلاً کوئی کافروں کو ان کی عیدوں یا روزوں پر مبارک باد دے۔مبارک باد دینے والا اگر کافر نہ ہوجائے تب بھی اس کا یہ عمل حرام رہے گا۔ یہ ایسا ہی ہے کہ وہ کسی کافر کو صلیب کے لیے سر بہ سجود ہونے پر مبارک باد دے۔بلکہ گناہ کے اعتبار سے یہ اللہ کے نزدیک زیادہ بڑا ہے اور زیادہ ناراضی کا باعث ہے، بہ مقابلہ اس کے کہ وہ کسی کو شراب نوشی،قتلِ نفس اور زناکاری وغیرہ پر تہنیت پیش کرے۔ بیشتر وہ لوگ جن کے نزدیک دین کی کوئی قدر وقیمت نہیں وہ اس برائی میں ملوث ہوجاتے ہیں اور اپنے عمل کی قباحت کا ادراک نہیں کر پاتے۔ چنانچہ جو شخص کسی انسان کو گناہ پر،بدعت پر یا کفر پر مبارک باد کہتا ہے وہ اللہ کا غضب اور ناراضی مول لیتا ہے۔‘‘ (احکام اہل الذمۃ، ابن القیمؒ:۱/۴۴۱)

اس سلسلے میں بعض لوگوں کارویہ حد سے زیادہ حسنِ ظن، بے حسی اور ٹھنڈے پن کا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ مسلمانوں میں سے جو لوگ غیر اسلامی تیوہار مناتے ہیں یا اسے جائز کہتے ہیں دراصل ان کے موقف کی بنیاد فقہِ اسلامی کا آزاد مطالعہ اور اس کی روشنی میں قائم کردہ مستقل رائے ہے۔حالانکہ یہ حقیقتِ حال کی غلط تصویر کشی ہے۔یہ نقص وخلل کسی فقہی اجتہاد سے زیادہ غالب تہذیب وتمدن سے مرعوبیت کا نتیجہ ہے۔اس کی بین دلیل یہ ہے کہ غیر اسلامی تیوہار منانے والے یا انہیں جائز کہنے والے لوگ کبھی افریقی اقوام کے تیوہار نہیں مناتے اور نہ مشرقی ایشیا میں آباد قوموں مثلاً چین،جاپان،تھائی لینڈ وغیرہ کے تیوہار مناتے ہیں۔صرف اور صرف مغربی تیوہاروں کو منانے کی ہُڑک ان کے دلوں میں پیدا ہوتی ہے یا جو مسلمان جن ملکوں میں اقلیت میں ہیں وہاں کے مقامی تیوہاروں کو منانے کے واسطے فقہی اجتہاد اور جواز کا پہلو نکال لیتے ہیں۔

اب اسے آزادانہ فقہی بحث وتحقیق کا نام دیا جائے یا غالب مغربی استبداد کے سامنے سپر اندازی اور پسپائی کہا جائے۔باوجود اس کے کہ نصوصِ شریعت کی روشنی میں یہ قضیہ بالکل واضح ہے اور علماء ومفتیانِ دین ہر موقعے پر اس بارے میں شرعی حکم بیان کرتے آئے ہیں کہ تیوہار کسی بھی دین کا شعار ہوتا ہے اور کفار کو ان کے تیوہاروں پر تہنیت پیش کرنا ایسا ہی ہے جیسے انہیں ان کے دوسرے مشرکانہ مراسم وعبادات پر مبارک باد دی جائے۔ اس قدر وضاحت کے باوجود ہم بہت سے مسلم نوجوانوں کو دیکھتے ہیں کہ علانیہ غیر اسلامی تیوہاروں پر تہنیت وتبریک کے پیغامات ارسال کرتے ہیں،خصوصاً سوشل میڈیا پر تو ایسے پیغامات کی باڑھ آجاتی ہے۔ایمانی حس کی کمزوری کے علاوہ اس کی اور کیا تفسیر وتوجیہ کی جاسکتی ہے؟

میں نے اس حرکت میں ملوث بہت سے نوجوانوں کے حالات پر غور کیا تو معلوم ہوا کہ ان کا یہ عمل خالصتاً نفسیاتی محرکات کے تحت انجام پاتا ہے۔مطلب یہ کہ ایسا نہیں ہے کہ یہ لوگ نہ جانتے ہوں کہ کافروں کے تیوہاروں سے احتراز کے بارے میں نبیﷺ کا موقف کتنا سخت تھا اور کس درجہ آپ چاہتے تھے کہ اسلامی اور غیر اسلامی تیوہاروں میں دوری اور تفاوت قائم رہے۔ دراصل ان کے اس طرزِ عمل کا نفسیاتی سبب یہ ہے کہ یہ لوگ اس مسئلے میں شریعت کی خلاف ورزی کو اپنی سوچ کی جدت پسندی اور ماڈرنٹی کا عنوان قرار دیے بیٹھے ہیں اور جتلانا یہ چاہتے ہیں کہ وہ زندگی کے ہر معاملے میں شریعت کے تابع نہیں ہیں۔ چنانچہ ملّائوں کی بنائی ان بیڑیوں کو توڑنے کے لیے بار بار یہ حرکت دہراتے ہیں۔

بعض وہ لوگ جو علانیہ کفریہ شعائر پر غیر مسلموں کو مبارک بادی پیش کرتے ہیں وہ اپنے مخاطب غیر مسلم سے زیادہ اپنے گرد وپیش کے ماحول کو ذہن میں رکھ کرکچھ نیا کردکھانے کے چکر میں یہ حرکت کرگزرتے ہیں۔ بعض لوگ اپنے آزاد مفکر اور روادار اور لبرل ہونے کے شناختی کارڈ کے طور پر اس طرح کی علانیہ تہنیت وتبریک پوسٹ کرتے ہیں۔کبھی کبھی سلفیوں اور کٹ مُلّوں کی ضد میں تحریکی رفقاء بھی یہ حرکت کرجاتے ہیں۔ ان کا کسی غیر مسلم کے ساتھ بہت گہرا دوستی کا رشتہ نہیں ہوتا،مگر بار بار روک ٹوک کرنے والے سلفیوں اور مولویوں کو آزار پہنچانے کے لیے وہ سوشل میڈیا پر یا روبہ رو یہ حرکت انجام دیتے ہیں۔

حقیقتاً مسلم سماج میں یہ منظر بڑا ہی تکلیف دہ ہوتا ہے۔ مگر یہ کچھ البیلا اور نرالا نہیں ہے۔ تاریخ میں بھی اسلام کا نام لینے والوں کا ایک گروہ اس طرح کا گزرا ہے۔قرآنِ کریم نے اس گروہ کی طرف اشارہ کیا ہے:{إِنَّہُ کَانَ فَرِیْقٌ مِّنْ عِبَادِیْ یَقُولُونَ رَبَّنَا آمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا وَارْحَمْنَا وَأَنتَ خَیْْرُ الرَّاحِمِیْنَ٭فَاتَّخَذْتُمُوہُمْ سِخْرِیّاً حَتَّی أَنسَوْکُمْ ذِکْرِیْ وَکُنتُم مِّنْہُمْ تَضْحَکُونَ}(مومنون، ۱۰۹-۱۱۰)’’تم وہی لوگ تو ہو کہ میرے کچھ بندے جب کہتے تھے کہ اے ہمارے پروردگار،ہم ایمان لائے،ہمیں معاف کر دے،ہم پر رحم کر،تو سب رحیموں سے اچھا رحیم ہے،تو تم نے ان کا مذاق بنا لیا یہاں تک کہ اُن کی ضد نے تمہیں یہ بھی بھلا دیا کہ میں بھی کوئی ہوں،اور تم ان پر ہنستے رہے۔‘‘ علامہ ابن کثیر نے آیتِ کریمہ کے ٹکڑے ’’حتی انسوکم ذکری‘‘ کا مطلب بتایا ہے کہ ان کی دشمنی نے تمہیں آمادہ کر دیا کہ تم میرے معاملے اور بازپرس کو فراموش کرجائو۔‘‘[حملکم بغضہم علی أن نسیتم معاملتی] (تفسیر القرآن العظیم، ابن کثیر،تحقیق:سامی السلامہ:۵/۴۹۹)

بہرحال اس مضمون میں ہماری کوشش تھی کہ اللہ کے نبیﷺ کے چار واقعات ذکر کرکے ان سے کشیدہ اہلِ علم کا بیان کردہ وہ اصول ذکر کردیں جسے امام ابن تیمیہؒ نے یوں بیان کیا ہے کہ تقریبات اور عیدیں بھی من جملہ شرائع ومناہج ومناسک کے ہوتی ہیں۔‘‘الأعیار من جملۃ الشرائع والمناہج والمناسک۔ (اقتضاء الصراط المستقیم:۱/۴۷۰)

کسی بھی ملت کا تیوہار یا عید اس کے دین کا شعار وشناخت ہوتی ہے اور اسی سے شریعتِ اسلامیہ کی نگاہ میں تیوہاروں کی خصوصیت وانفرادیت کا مفہوم تشکیل پاتا ہے اور اسی بنیاد پر کافر قوموں اور ملتوں کے تیوہاروں کو منانا اور ان میں شرکت کرنا جائز نہیں ہوا کرتا۔
اب جس کا جی چاہے مان لے اور جس کا جی چاہے شریعت سازی کر لے۔ دنیا میں تو بہرحال اس کی آزادی ملی ہوئی ہے۔

وآخر دعوانا ان الحمد للہ رب العالمین

ذکی الرحمٰن غازی مدنی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *