Web Analytics Made Easy -
StatCounter

قاموس کتب سیرت خالصتاً کتب سیرت پر مشتمل منفرد کتابیات

قاموس کتب سیرت خالصتاً کتب سیرت پر مشتمل منفرد کتابیات

قاموس کتب سیرت خالصتاً کتب سیرت پر مشتمل منفرد کتابیات

حافظ محمد عارف گھانچی کا شمار ان چند خوش نصیب افراد میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی زندگی کو محبت رسول اور سیرت النبی ﷺ کے فروغ کے لیے وقف کر دیا ہے۔ ان کی شخصیت کا جوہر حب مصطفیٰ ﷺ اور محبتِ سیرت سے عبارت ہے۔ 2007ء سے حافظ عارف نے کتابیاتِ سیرت کے کام کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا ہے، اور یہ شوق اُنہیں ایک ایسی راہ پر لے آیا ہے جہاں مادی دنیا کی تجارت کو چھوڑ کر انہوں نے اپنی زندگی کو سیرتِ رسول ﷺ کے متعلق کتب کی اشاعت و طباعت کے لیے وقف کر دیا۔
حافظ محمد عارف کے پاس پاکستان میں سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر مکمل کتب خانہ موجود ہے، جو ان کی انتھک محنت اور محبت رسول ﷺ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے نہ صرف یہ کہ سیرت کی کتب کو جمع کیا، بلکہ ان کا گہرا مطالعہ بھی کیا ہے، اور اس مطالعے نے ان کی علمی گہرائی اور سیرت کے ساتھ محبت کو مزید پروان چڑھایا ہے۔
حافظ محمدعارف گھانچی نے کئی لائبریریوں کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جہاں سیرت النبی ﷺ کے حوالے سے کتب کے انتخاب اور ان کی فراہمی میں اُن کی رہنمائی بے حد معاون ثابت ہوئی۔
خصوصاً
ڈاکٹر محمد یسین مظہر صدیقی رح
مولانا محمد ابرہیم فیضی رح
ڈاکٹرسید عزیز الرحمن
ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری
ڈاکٹر حافظ محمد ثانی
ڈاکٹر سید عدنان حیدر

جیسے عظیم اسکالرز کے خوشہ چیں رہنا حافظ محمدعارف گھانچی کی علمی وابستگی اور ان کے علمی ذوق کا اظہار ہے۔ ڈاکٹر صدیقی صاحب رح سے ان کی محبت اور علمی تعلق ایک مثالی اور لازوال داستان ہے۔پاکستان اور ہندوستان کے اکثر اہل علم کا ان پر اعتماد ہے۔
حافظ محمدعارف گھانچی کی شخصیت میں عاجزی، انکساری اور خوش مزاجی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے۔ ان میں نہ تو تکبر ہے، نہ کوئی تحکم اور نہ ہی اپنی ذات کو منفرد ظاہر کرنے کا رجحان، بلکہ وہ ایک خوش اخلاق اور متواضع انسان کی طرح ہر وقت دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔

سیرت کے فروغ میں حافظ محمد عارف گھانچی کی خدمات نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ مختلف جامعات اور اداروں میں سیرت کے حوالے سے منعقد ہونے والی ہر نشست میں حافظ محمدعارف گھانچی ایک لازمی رکن کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پاکستان اور ہندوستان کے اکثر اہل علم ان سے ذاتی طور پر واقف ہیں، اور حافظ عارف صاحب کے ساتھ ان کے روابط گہرے اور مخلصانہ ہیں۔

حافظ محمد عارف گھانچی کی سیرت النبی ﷺ کے لیے کی گئی خدمات بے مثال ہیں، اور ان کی زندگی اس حقیقت کا مظہر ہے کہ محبت رسول ﷺ کسی بھی انسان کو کس طرح اپنے مقامِ بلند تک پہنچا سکتا ہے۔ ان کی خدمات اور محبتیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور ان کے جذبے کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بجا ہے کہ ان کےساتھ علمی و سیرتی ادب میں مکمل تعاون ہم سب کی خواہش اور ذمہ داری ہونی چاہیے تاکہ وہ مزید عظیم کارنامے انجام دے سکیں۔
ان کا تازہ ترین تاریخی کارنامہ اردو زبان کی ابتدا سے لے کر اب تک کی صرف اور صرف موجود و شائع شدہ منثور و منظوم کتبِ سیرت کی کتابیات کو جمع کر کے شائع کرنا ہے۔یہ ان کی زندگی کا خواب تھا جو محض اللہ کے فضل و کرم اور محبتِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سہارے شرمندہ تعبیر ہوا۔ اس خواب میں ان کے ساتھ 2008 ء سے شامل خاموش طبع محقق و استاد ڈاکٹر محمد جنید انور ہیں۔دینی و دنیاوی علوم میں امتیازی مرتبے اور وسعتِ فکر و نظر کے حامل ڈاکٹر جنید نے حافظ محمد عارف گھانچی صاحب نکے اس خواب کوتعبیرکی شکل دینے میں ان کےساتھ مکمل تعاون کیا۔ اور اس کا نتیجہ آج ان کی کتاب کی پہلی جلد کی بہ یک وقت پاکستان اور ہندوستان سے اشاعت ہے۔ قاموسِ کتبِ سیرت: اردو سیرت نگاری میں وہ مرحلہ ہے جہاں سے اردو سیرت نگاری کا مکمل جائزہ لیا جا سکتاہے اور اس کی درجہ بندی کی جاسکتی ہے۔ مؤلفین کتاب نے اپنی محنت سے یہ مرحلہ مکمل کر کے طلبہ و محبین سیرت کے سامنے رکھ دیا ۔ اب اس چمنستان ِ سیرت میں سے مزید گل چننا اور ان کی خوشبو کو اطرافِ عالم میں پھیلانا ان پر بھی فرض ہے۔

حافظ صاحب اپنے الفاظ میں بتاتے ہیں کہ ” الحمدللہ! اللہ کا انتہائی فضل، کرم اور احسان عظیم ہوا کہ اس ذات بابرکت نے اتنا وسیع کام کرنے کی توفیق عطا فرمائی۔تسلسل اور نوعیت کے لحاظ سے کام تو گزشتہ کئی سالوں سے چل رہاتھی ۔کبھی اس کی تیز ہو جاتی تھی، کبھی دھیمی پڑ جاتی تھی، کبھی رک جاتی تھی لیکن بہرحال کسی نہ کسی صورت میں کام چل ہی رہا تھا۔ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ہمارے ڈاکٹر محمد جنید انور صاحب کا مرکزی کردار ہے جو مسلسل اس کام کو کرنے کی ترغیب دیتے رہے ، اصرار بھی کرتے رہے اور آمادہ بھی کرتے رہے۔ خود اس کام کو کرنے کے حوالے سے انہوں نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ یہ محض اللہ رب العزت کی توفیق اور رسول اللہ ﷺ کی ذات عالی کی برکت سے ہی مکمل ہوا ہے ۔ اللہ پاک ا سے قبول فرمائے اور ہمیں اس سلسلے سے جڑے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین “

مؤلفین کتاب حافظ محمد عارف گھانچی اور ڈاکٹر مفتی محمد جنید انور کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد۔ اللہ تعالی انہیں اس شاندار و بے نظیر کام کی بہترین جزا دے۔اورانہیں حاسدین و اس سلسلسے کا قائم و دائم رکھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *