آؤ قرآن سمجھیں تربیتی پہلو سے مطالعہ قرآن

آؤ قرآن سمجھیں تربیتی پہلو سے مطالعہ قرآن

قرآن مجید کتابِ ہدایت ہے اور کتابِ تربیت بھی – وہ انسانوں کو زندگی گزارنے کا طریقہ بتاتی ہے – اس کی تعلیمات پر عمل کرکے افراد اپنی انفرادی زندگی کو حسین بناسکتے ہیں اور ایک صالح اور پاکیزہ معاشرہ وجود میں آسکتا ہے ، بس ضروری ہے کہ اسے سمجھ کر پڑھا جائے اور اس کے احکام و ہدایات پر صدقِ دل سے عمل کیا جائے – زیرِ نظر کتاب[ المبادرۃ للتدبّر : نظرات تربویۃ فی کتاب اللہ] میں آیاتِ قرآنی کی تربیتی و اصلاحی پہلوؤں سے تفسیر و تشریح کی گئی ہے – اس کے مصنف کویت کے مشہور داعی اور مصلح ڈاکٹر عبد الحمید جاسم البلالی ہیں – موصوف نے علومِ شرعیہ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے – جمعیۃ بشائر الخیر کے نام سے ایک رفاہی ادارہ چلاتے ہیں – مختلف موضوعات پر ان کی چار درجن سے زیادہ کتابیں شائع ہوچکی ہیں ، جن میں سے متعدد کا اردو زبان میں بھی ترجمہ ہوچکا ہے

زیرِ نظر کتاب میں سورۂ فاتحہ اور سورۂ بقرہ کی منتخب آیات کی تشریح کی گئی ہے- تشریح میں علمی موشگافیاں کرنے اور نئے نئے نکتے نکالنے کے بجائے تربیتی پہلو کو پیش نظر رکھا گیا ہے – ہر مضمون پر ایک عنوان لگادیا گیا ہے ، تاکہ قارئین کے لیے استفادہ آسان ہوجائے – بہت آسان زبان استعمال کی گئی ہے اور سہل اسلوب اختیار کیا گیا ہے – اس کا اردو ترجمہ عزیزی ذکی الرحمٰن غازی فلاحی مدنی استاد جامعۃ الفلاح بلریا گنج اعظم گڑھ نے کیا ہے- موصوف کا قلم ماشاء اللہ بہت رواں دواں ہے – ان کی بہت سی طبع زاد کتابیں اور تراجم شائع ہوچکے ہیں – انہیں ترجمہ میں مہارت حاصل ہے- اس کتاب کا ترجمہ بھی انھوں نے عمدہ ترجمہ کیا ہے

امید ہے ، دینی و تحریکی حلقوں میں اس کتاب کو پزیرائی ملے گی اور اصلاح و تربیت کے لیے تیار کردہ نصابی کتاب میں اسے شامل کیا جائے گا – اس کی اشاعت المنار پبلشنگ ھاؤس ، ابو الفضل انکلیو ، جامعہ نگر ، نئی دہلی سے ہوئی ہے – اس کے مالک جناب محمد خالد اعظمی بہت ستھرا علمی ذوق رکھتے ہیں – اپنے اشاعتی ادارہ سے عربی کی بہت سی کتابوں کا اردو ترجمہ شائع کرچکے ہیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *