Web Analytics Made Easy -
StatCounter

ہندوستان اور کویت تاریخی علمی اور ثقافتی رشتے

ہندوستان اور کویت تاریخی علمی اور ثقافتی رشتے

ہندوستان اور کویت تاریخی علمی اور ثقافتی رشتے

ایک ایسی کتاب منظرِ عام پر آئی ہے جس میں ہندوستان اور کویت کے تاریخی ، علمی اور ثقافتی رشتوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے – یہ کتاب اصلاً ڈاکٹر عبد القادر شمس کا تحقیقی مقالہ ہے ، جس پر انہیں 2012 میں شعبۂ اسلامک اسٹڈیز ، جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی تھی – یہ مقالہ انھوں نے مشہور دانش ور پروفیسر اختر الواسع کی نگرانی میں لکھا تھا – اس کا عنوان تھا : “علوم اسلامی کی تحقیق و اشاعت میں وزارتِ اوقاف کویت کا کردار” – افسوس کہ موصوف 2020 میں کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے –

جناب محمد خالد اعظمی ، جو مصنف اور مترجم ہونے کے ساتھ ایک اچھے ناشر بھی ہیں – اپنے اشاعتی ادارہ ‘المنار پبلشنگ ہاؤس’ نئی دہلی سے انھوں نے بہت سی عمدہ کتابیں چھاپی ہیں – ان سے ایک ملاقات میں اختر الواسع صاحب نے اس مقالے کا تذکرہ کیا اور اسے شائع کرنے کی خواہش کی – خالد صاحب تیار ہوگئے – وہ عرصہ سے بہ سلسلۂ ملازمت کویت میں مقیم ہیں – وہاں کے علمی اور دینی حلقوں سے ان کے گہرے روابط ہیں – انھوں نے اس تحقیقی مقالے میں خاصے اضافے کیے – اس طرح یہ کتاب ہندوستان اور کویت کے باہمی تعلقات کی ایک مکمل اور مستند دستاویز بن گئی ہے –

یہ کتاب 5 ابواب پر مشتمل ہے : باب اول اسلام میں وقف کی اہمیت اور اس کے سماجی کردار پر ہے – باب دوم میں مملکت کویت کا تعارف کرایا گیا ہے – اس میں اس کی تاریخ ، جغرافیہ ، نظامِ حکومت ، تہذیب و ثقافت ، حکومت کویت کی دینی خدمات ، رفاہی سرگرمیاں اور وزارت اوقاف کی اشاعتی خدمات بیان کی گئی ہیں اور وہاں کی 14 اہم شخصیات کا تعارف کرایا گیا ہے – باب سوم میں وزارت اوقاف کے دو اہم علمی پراجیکٹس : الموسوعۃ الفقہیۃ اور الوسطیۃ کا مفصل تعارف کرایا گیا ہے –

باب چہارم میں وزارتِ اوقاف کی علمی و تحقیقی مطبوعات کی فہرست پیش کی گئی ہے اور ان کا مختصر تعارف پیش کیا گیا ہے – باب پنجم ہندوستان اور کویت کے درمیان علمی و ثقافتی تعلقات اور سرگرمیوں سے بحث کرتا ہے – یہ باب بہت قیمتی معلومات پر مشتمل ہے – اس میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی ، تجارتی ، علمی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی گئی ہے – الموسوعۃ الفقہیۃ کے اردو ترجمہ کی تفصیل پیش کرتے ہوئے مترجمین کا تعارف کرایا گیا ہے – آخر میں ان 14 ہندوستانی علماء کا تذکرہ کیا گیا ہے جن کی تصانیف کویت کے اشاعتی اداروں سے طبع ہوئی ہیں –

خلاصہ یہ کہ یہ کتاب ہندوستان اور کویت کے درمیان ہمہ جہت تعلقات پر بھرپور روشنی ڈالتی ہے – خالد اعظمی صاحب قابلِ مبارک باد ہیں کہ انھوں نے اس تحقیقی مقالے کی اشاعت پر آمادگی ظاہر کی ، بہت محنت سے اس کی تھذیب و تدوین کی اور اس میں قیمتی اضافے کیے اور اپنے اشاعتی ادارہ سے طبع کرکے اسے علمی دنیا تک پہنچایا – اللہ تعالیٰ انہیں اس خدمت کا بھرپور بدلہ عطا فرمائے، آمین یا رب العالمین –

ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی

کتاب خریدیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *