Web Analytics Made Easy -
StatCounter

جستجو کا سفر شیخ عزیر شمس کے احوال وآثار اور علمی خدمات

عزیر شمس کے احوال وآثار اور علمی خدمات

جستجو کا سفر شیخ عزیر شمس کے احوال وآثار اور علمی خدمات

دیرینہ خواہش تھی کہ اپنے دو مربی اساتذہ کہ زندگی ہی میں جن کی توجہ وشفقت سے علم وقلم سے شعوری تعلق پیدا ہوا، ان کے سوانحی تذکرے مرتب کر کے شائع کیے جائیں تاکہ ایک تو ان کے علمی کمالات کا تعارف عام ہو سکے اور دوسرا ان سے قائم عہدِ وفا کو نبھانے کی مقدور بھر سعی کی جائے، مگر دنیا میں وہ نہیں ہوتا جو انسان سوچتا ہے، بلکہ یہاں اللہ ہی کے فیصلے غالب آتے ہیں۔

ما كل ما يتمنى المرء يدركه ۔۔۔۔۔۔۔۔تجري الرياح بما لا تشتهي السفن

شیخ عزیر شمس رحمہ اللہ کے سوانحی تذکرے پر کام کا آغاز تو ان کی زندگی اور راہنمائی ہی میں شروع کیا جس کا کافی حصہ لکھ لیا گیا تھا مگر اسے مکمل کرنے کی مہمیز ان کی وفات کے بعد ہوئی، اس دوران میں البتہ یہ فائدہ ضرور ہوا کہ مستند ذرائع سے سوانحی مواد میں اضافہ ہوا اور شیخ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کافی کچھ نیا مل گیا جو پہلے ہماری دسترس میں نہیں تھا۔

۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ سوانحی تذکرے میں موثوق ذرائع ہی پر اعتماد کیا جائے جن میں سرفہرست شیخ مرحوم کی اپنی مطبوعہ وغیر مطبوعہ تحریریں، غیر مطبوعہ مکاتیب اور انٹرویوز ہیں، بعد ازاں تلامذہ اور محبین کا تحریری مواد ہے۔

۔ علاوہ ازیں شیخ عزیر رحمہ اللہ کی علمی خدمات اور تحقیقی کمالات کا مکمل تعارف کروانے کی کوشش کی گئی ہے جس میں ان کی مطبوعہ اور غیر مطبوعہ تحریری کاوشوں سے قارئین آگاہ ہوں گے۔

۔ شیخ مرحوم کے شخصی اخلاق واوصاف اور متنوع افکار وآرا کو بھی خصوصیت سے ذکر کیا گیا ہے جس سے ان کی شخصیت کے بہت خوب صورت اخلاقی پہلو اور ائمہ سلف کی مانند عمدہ عادات دیکھنے کو ملتی ہیں۔ نیز ان کی وسعت فکری، زرخیز ذہنی اور عام وخاص سے خیر خواہی جیسے متعدد پہلو اجاگر ہوتے ہیں۔

آخر میں شیخ مرحوم کے متعلق پاک وہند اور عالم عرب کے اکابر علماء وفضلاء کے منتخب تاثرات اور یادداشتیں شاملِ کتاب کی گئی ہیں جن میں مفید اور متنوع معلومات پڑھنے کو ملیں گی۔

ہم نہیں کہہ سکتے کہ اس تذکرے میں شیخ کی علمی زندگی اور تحقیقی خدمات کا کما حقہ تعارف کروا دیا گیا ہے، البتہ ہم نے اپنی سی کوشش کی ہے کہ ان کی علمی زندگی اور سیرت وکردار کے مختلف گوشے قارئین کے سامنے رکھ دیے جائیں تاکہ ان پہلوؤں پر مزید کام کی راہ آسان ہو سکے۔ ان شاء اللہ یہ کتاب پاک وہند دونوں جگہوں سے ایک ساتھ ہی اشاعت پذیر ہو گی۔

حافظ شاھد رفیق

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *