Web Analytics Made Easy -
StatCounter

نیک اولاد کی تربیت کے لیے 110 قیمتی نصیحتیں

نیک اولاد کی تربیت کے لیے 110 قیمتی نصیحتیں

نیک اولاد کی تربیت کے لیے 110 قیمتی نصیحتیں

آج جب دار العلوم وقف دیوبند کے قدیم استاذ اور محدث حضرت مولانا محمد اسلام صاحب قاسمی دامت برکاتہم کی عیادت کے لیے، ان کے گھر پہونچا تو حضرت کے صاحبزادے برادر گرامی جناب مولانا بدر الاسلام قاسمی صاحب نے “نیک اولاد کی تربیت کے لیے 110 قیمتی نصیحتیں”نامی کتاب پیش کی، اہل ذوق واقف ہیں کہ کتاب سے بڑا کوئی ہدیہ نہیں ہوسکتا ہے، اس ليے فطری طور پر مجھے خوشی ہوئی اور يہ ديكھ كر كہ يہ كتاب موصوف کی قلمی كاوش ہے، مزيد خوشی ہوئی، یہ کتاب اصل عربی میں ہے، ا س كتاب کے مصنف مجاہد دیرانیہ ہیں جو شيخ علی الطنطاوی كے خاندان سے ہيں، عمان ميں مقيم ہيں اور متعدد اہم كتابوں كے مصنف ہيں، جناب مولانا بدر الاسلام قاسمی صاحب نے کتاب کو اردو کے قالب میں ڈھالا ہے، کتاب کا عربی نام “110 نصائح لتربیۃ طفل صالح” ہے، یہ کتاب “مکتبہ النور” ديوبند سے ایک مہینہ قبل ہی شائع ہوئی ہے، کتاب کی طباعت عمدہ اور دیدہ زیب ہے۔

یہ تو کتاب کا ظاہری تعارف تھا، معنوی طور پر یہ کتاب 136صفحات پر مشتمل ہے، کتاب میں پانچ ابواب ہیں، پہلے باب سے قبل مصنف نے “کچھ اہم ہدایات”کے عنوان سے مفید تجربات لکھے ہیں اور اخیر میں اسکول اور مدرسے سے متعلق والدین کو کچھ اہم نصیحتیں کی ہیں۔

اس کتاب کے مخاطب در اصل وہ والدین ہیں، جو اپنے بچوں کے تعلق سے فکر مند رہتے ہیں اور انہیں ایک ذمہ دار انسان، نیک مسلمان اور تعلیم یافتہ شہری دیکھنا چاہتے ہیں، کتاب کے مضامین، بچوں کی عمر اور نفسیات کو سامنے رکھ کرلکھے گئے ہیں، چناں چہ پہلے سال کے مضامین الگ ہیں، پھر دوسرے سال کے مضامین ہیں، اس کے بعد تین سے چھ سال تک کے مضامین ہیں، پھر سات سال سے بارہ سال تک کے مضامین ہیں، اور عمر کے لحاظ سے مفید نصیحتیں کی گئی ہیں۔

کتاب کی فہرست پر سرسری نگاہ ڈالنے سے ہی کتاب کی اہمیت کا اندازہ ہوجاتا ہے، بچوں کی صحیح تربیت اس دور کے اہم ترین مسائل؛ بلکہ چیلینجوں میں سے بڑا چیلینج ہے، جس کے لیے تمام ذمہ دار والدین فکر مند رہتے ہیں، اس سلسلے میں ضروری ہے کہ والدین، اہل علم کی تحریروں اور تجربات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے نونہالوں کی زندگی کو روشن کریں، اس موضوع پر یہ کتاب ایک رہنما کتاب ہے، کتاب کی یہ خصوصیت ہے کہ کتاب کو 110اسباق پر تقسیم کیا گیا ہے اور ہر سبق کو ایک صفحے کے اندر سمیٹنے کی کوشش کی گئی ہے، تاکہ پڑھنے والے کے لیے گراں بار نہ ہو، مضامین بھی سادہ اور عقل وفطرت کے قریب تر ہیں، اس لیے یہ کتاب ہر گھر کی ضرورت ہے، والدین اور اساتذہ کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ترجمہ کی زبان بھی کافی خوب صورت اور سلیس ہے، اکثر مقامات پر، ترجمہ پن کا احساس نہیں ہوتا ہے؛ بلکہ اصل کتاب کا گمان ہوتا ہے، جناب مولانا بدر الاسلام صاحب قاسمی، دار العلوم وقف دیوبند کے ہونہار فاضل اور جامعۃ الإمام انور دیوبند کے مقبول استاذ ہیں، تحریر اور تقریر دونوں سے خوب مناسبت ہے، موقع موقع سے مختلف علمی موضوعات پر ان کی تحریریں سامنے آتی رہتی ہیں، جنہیں اہل علم پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یہ ترجمہ بھی ان کی علمی کاوشوں میں ایک خوش گوار اضافہ ہے، میں اس اہم کام پر ان کو مبارک باد پیش کرتاہوں اور دعاکرتا ہوں کہ اللہ تعالی اس کاوش کو قبول فرمائے اور مترجم کتاب کو مزید علمی خدمات کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
کتاب خریدیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *